Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شہر کی حدود میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی برقرار

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں بکرا منڈیوں کے قیام کے حوالے سے تحصیل میونسپل انتظامیہ، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنیز اور لوکل ایریا اتھارٹیز کو احکامات جاری کر دیئے۔اعلامیے میں جاری احکامات پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ شہروں کی میونسپلٹی حدود سے باہر تمام بکرا منڈیوں کا قیام اور شہر کی حدود میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ جبکہ ترجیحی طور پر ذی الحجہ کے آغاز پر جتنا جلد ممکن ہو سکے بکرا منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔معاون بلدیات نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر اس بار خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر بکرا منڈی کا معائنہ اور تصدیق نامہ جاری کیا جائے گا جبکہ تمام غیر رجسٹرڈ بازار/منڈی لگانے پر پابندی ہوگی۔کامران بنگش نے مزید کہا کہ مختلف پبلک، نجی اور کمیونٹی تنظیموں کی جانب سے اجتماعی قربانی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں بھیڑ سے بچنے کے لئے ایک بڑی منڈی رکھنے کی بجائے بکرا منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی احکامات دئیے جا چکے ہیں۔ جبکہ بھیڑ سے بچنے کے لئے بکرا منڈیوں کو چوبیس گھنٹے فنکشنل رکھا جائے گا۔کورونا کے پیش نظر عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی پر بات کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ ترجیحاً، منڈی کی ایک معیاری ترتیب کو انتظامات کے حوالہ کے طور پر اپنایا جائے گا تاہم مقامی ضرورت کے تحت ترتیب میں ایڈجسٹمنٹ کی جاسکتی ہے۔

معاون خصوصی نے جاری اعلامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں میونسپل خدمات کے حوالے سے کام کا بوجھ کم کرنے کے سلسلے میں قربانی کرنے کے لیے عید کے تینوں دنوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ تاکہ ایک دن پر کام کا بوجھ زیادہ نہ ہو۔عید کے دنوں میں پانی کی فراہمی، حفظان صحت / صفائی ستھرائی کے انتظامات پر اپنا موقف دیتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ جانوروں کے باقیات ٹھکانے لگانے کے لیے ٹی ایم اے، ڈبلیو ایس ایس سی اور لوکل ایریا اتھارٹی اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں خصوصی تحلیل ہونے والے بیگ تقسیم کریں گی۔ جبکہ جانوروں کی بقایاجات کو جمع کرنے، نقل و حمل اور ضائع کرنے کے لئے پہلے سے جامع منصوبے کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔معاون خصوصی برائے لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کو فروخت اور خریداری کے مقاصد کے لئے شہروں تک محدود رکھنے کے انتظامات کر رہے ہیں جبکہ ایس او پیز کی کوآرڈینیشن اور عملدرآمد کے لئے بکرا منڈیوں کے ٹھیکیداروں / مینیجرز اور مختلف مذہبی مدارس اور دیگر تنظیموں کے ساتھ ضلعی سطح پر اجلاس بھی ہوں گے۔

بکرا منڈیوں کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کے منصوبہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ بکرا منڈی کے قریب اور عید کے دنوں میں ٹریفک جام اور سڑکوں پر رکاوٹوں سے بچنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹریفک مینجمنٹ کا جامع پلان تیار کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بکرا منڈیوں اور سلاٹر ہاؤسز کے اندر انٹی کوویڈ پروٹوکول پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انٹی کورونا پروٹوکول پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ “نو ماسک نو سروس” کو منڈی کے اندر سب کے لئے بنیادی اصول کے طور پر اپنانا چاہئے۔ جبکہ منڈی کے اندر بچے اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔عوام کو بکرا منڈیوں پر صحت و صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے متعلق معاون خصوصی نے کہا کہ تمام مقامات پر ہاتھ صاف کرنے اور ہاتھ دھونے کے انتظامات یقینی بنائیں گے۔ اس سلسلے میں جراثیم کش پانی کے ذریعہ سے منڈی حدود کی باقاعدہ ڈس انفیکشن کی جائے گی۔ منڈی حدود کے اندر آنے اور جانے والے نشانات کے ذریعہ منڈی کے اندر معاشرتی دوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ بھیڑ سے بچنے کے لیے بانس کی رکاوٹوں کی تنصیب بھی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ منڈی کے تمام داخلی مقامات پر تھرموگن کا استعمال بھی ہوگاصحت و صفائی، معاشرتی دوری کے متعلق آگاہی مہم پر بات کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے بارے میں آگاہی مہم عید کے دنوں سے پہلے اور اس کے دوران اجتماعی قربانی اور حفظان صحت کے اقدامات کے حوالے سے ہوگا۔ تاکہ عوام عید کے اجتماعات کے دوران معاشرتی دوری کو برقرار رکھیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
37178