Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ریسکیو 1122کے تحت ضم شدہ اضلاع میں اب تک 1193آسامیوں پر بھرتی مکمل کیا جا چکا ہے ۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:


پشاور(چترالل ٹائمز رپورٹ )ریسکیو 1122کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مختلف نوعیت کی 1816 نئی آسامیاں تخلیق کی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 1193آسامیوں پر بھرتی کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ آسامیوں پر بھرتی کے لئے تحریری امتحانات کا شیڈول جاری کردیا گیا اور اگلے چند ہفتوں کے اندر محکمانہ بھرتی کا عمل مکمل کر لیا جائیگا۔ ان نئی آسامیوں میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ اٹھارہ تک کی مختلف آسامیاں شامل ہیں۔


یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میںمحکمہ ریلیف کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے منعقد ہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ محکمے کے تحت ضم شدہ اضلاع کے لئے تخلیق کردہ نئی آسامیوں کی تفصیلات پر بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ ان آسامیوں میں گریڈ اٹھارہ کی سات، گریڈ سترہ کی تیرہ، گریڈ سولہ کی دو سو بائیس، گریڈ چودہ کی چھبیس، گریڈ بارہ کی 476، گریڈ گیارہ کی 140، گریڈ چھ کی 508، گریڈ پانچ کی 20، گریڈ دو کی 26اور گریڈ ایک کی 160آسامیاں شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع کے لئے نئے بھرتی کئے گئے ریسکیو اہلکاروں کی تربیت کا عمل اگلے دو دنوں کے اندر شروع کیا جائیگا۔


ضم شدہ اضلاع میں ریسکیو 1122 اسٹیشنز کے قیام پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اضلاع میں تحصیل کی سطح پر ریسکیو 1122کے اسٹیشنزقائم کرنے کے لئے 2450 ملین روپے لاگت ایک منصوبے کے تحت قبائلی اضلاع کے پندرہ تحصیلوں میں ریسکیو اسٹیشنز کے قیام پر کام جاری ہے۔ تحصیل جمرود، باڑہ، غلنئی اورخار میں ریسکیو سروسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، تحصیل کلایا، یکہ غنڈ، نواگئی، میران شاہ، رزمک، وانا، لدھا اور سدھا میں ریسکیو اسٹیشنز پر تعمیراتی کام کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ لنڈی کوتل ، غلجواور پاڑہ چنار میں ریسکیو اسٹیشنز کی عمارت کے لئے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے۔ شمالی وزیرستان میں تباہ شدہ کاروبار کے لئے معاوضے کی رقم کی ادائیگی کے بارے میں بتایا گیا کہ اس مد میں اب تک 6765 ملین روپے کی رقم جاری کی جاچکی ہے۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضم شدہ اضلاع میں تمام تر ترقیاتی منصوبوں پر دئیے گئے ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیش رفت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے اور علاقے کے لوگ بلاتاخیر ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے زمین کی خریداری سے متعلق پیچیدگیوں کو دور کرنے کےلئے متعلقہ رولز میں ضروری ترامیم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ ان ترقیاتی منصوبوں کے لئے زمین کی خریداری کے عمل کو اب تیز کیا جائے تاکہ ان منصوبوں پر بلا تاخیر عملی کام کا آغاز کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ضم شدہ اضلاع کیلئے منظور کر دہ نان ٹیکنکل آسامیوں پر بھرتی کیلئے مقامی اُمیدواروں کو ترجیح دی جائے ۔
<><><><><><><><><>

ضلع کوہاٹ میں ڈھوک حسین گیس فیلڈ کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائن سے منسلک کر دیا گیا۔۔وزیراعلیٰ

پشاور(چترالل ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں ڈھوک حسین گیس فیلڈ کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائن سے منسلک کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں مذکورہ گیس فیلڈسے ایس این جی پی ایل مین سپلائی لائن تک چودہ کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اوراس گیس فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو روزانہ کی بنیادوں پر بارہ ملین کیوبک فیٹ گیس کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔ یہاں سے جاری اپنی ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کی تکمیل کو نہ صرف علاقے بلکہ صوبے اور پورے ملک کے لئے انتہائی خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صوبائی حکومت کو رائیلٹی کی مد میں سالا نہ 800 ملین روپے ملیں گے، پیداواری بونس کی مد میں صوبائی حکومت کو 100 ملین روپے جبکہ خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کو 150 ملین روپے سالانہ ملیں گے اور مجموعی طور پر صوبائی حکومت کو ایک ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔ رائیلٹی کی رقم کا اچھا خاصا حصہ گیس پیدا کرنے والے علاقے کی تعمیر و ترقی پر خرچ کی جائے گی جس سے علاقے میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور علاقے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مذکورہ علاقے کو گیس کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اور علاقے کا یہ دیرینہ مسئلہ بھی حل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صوبے میں پائے جانے والی قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھار ہی ہے ۔

وزیراعلیٰ کی پشتو کے معروف شاعر اور ادیب ہمایوں ہمدرد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہا ر


دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشتو کے معروف شاعر اور ادیب ہمایوں ہمدرد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہا رکرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دُعا کی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ پشتو زبان کیلئے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے کورونا سے متاثر ہ ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر مرجان برکی کے انتقال پر بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اورشہید کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی ہے ۔
<><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
37113