Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آئندہ ہفتے ریپڈ رسپانس ٹیمیں چترال سمیت مزید 7 اضلاع میں کام شروع کر دیں گی۔۔وزیر صحت

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف ہمارے ہسپتال، ڈاکٹرز اور صحت عملہ دیگر صوبوں کی نسبت بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ پشاور سمیت صوبے کے بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کی گنجائش موجود ہے۔ اگست تک صوبے کے ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بستروں کی تعداد 1500 اور آئی سی یو بستروں کی تعداد 200 تک بڑھا دیں گے۔ وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار لوکم سکیم اور کورونا سے متعلق ہسپتالوں کی استعداد کے حوالے سے منعقدہ محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ، اسپیشل سیکریٹری صحت میاں عادل اقبال، ہیلتھ ریفازمز یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر شاہد یونس، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، ایڈیشنل ڈی جی ڈاکٹر شاہین آفریدی، ڈاکٹر امجد محبوب و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر صحت کو لوکم سکیم کے تحت اب تک کیے جانے والے انٹرویوز اور ہسپتالوں کی کورونا سے متعلق استعداد پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لوکم سکیم کے تحت اسپیشلسٹ ڈاکٹرز، ماہر نرسز اور نرسز کے انٹرویوز مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ ٹرینڈ میڈیکل آفیسرز کے انٹرویوز جاری ہیں۔ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اگست تک صوبے میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بستروں کی تعداد 1500 تک بڑھا دی جائے گی۔ اسی طرح آئی سی یو بستروں کی تعداد بھی بڑھا کر 200 تک کر دی جائے گی جس پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کورونا مریضوں کے لیے تشکیل کردہ ریپڈ رسپانس ٹیموں کو 5 اضلاع مالاکنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ، صوابی اور بنوں تک توسیع دے دی گئی ہے جبکہ آئندہ ہفتے ریپڈ رسپانس ٹیمیں مزید 7 اضلاع بٹگرام، ہری پور، چترال، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، شانگلہ اور ٹانک میں بھی کام شروع کر دیں گی۔ تیمور جھگڑا نے متعلقہ حکام کو باور کرایا کہ وباء سے مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں سرعت سے فیصلے اور ان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ عوام کو اس وباء کے دوران بہتر سے بہتر اور جلد سے جلد صحت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانی ہو گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہسپتال بہتر طریقے سے کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

کورین حکومت کی طرف سے خیبرپختونخواحکومت کو10ہزارفیس ماسکس کا عطیہ


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)کوریا حکومت کی جانب سے کوروناوائرس کے خلاف10ہزارحفاظتی فیس ماسکس خیبرپختونخواحکومت کوعطیہ کئے گئے ہیں،کورین حکومت نے عالمی وبائی مرض کی ایمرجنسی صورتحال کے دوران حکومت پاکستان باالخصوص خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے موثرہنگامی اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں وہ پاکستانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس سلسلے میں کورین ایمبیسی میں توانائی شعبے میں کام کرنے والی کورین کمپنیوں کوریاہائیڈرواینڈ نیوکلیئرپاور،LOTTEانجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن اورکوریاانرجی اسریت کیدامKOAKپاورکمپنی کے تعاون سے خیبرپختونخواحکومت کے لئے10ہزارحفاظتی فیس ماسکس عطیہ کئے گئے جوکہ دھونے کے بعد بھی قابل استعمال ہونگے۔تقریب میں کورین سفیر Kwak Sung Kyuکے علاوہ صوبائی مشیر توانائی حمایت اللہ خان،سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیر خان،کورین کمپنیوں کے نمائندوں Ahn Ho youngاورKim Kyungsikنے بھی شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی حکومت کی جانب سے مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے کورین حکومت کے خیرسگالی کے جذبے کو سراہا۔اس موقع پر کورین سفیر نے کورین سرمایہ کارکمپنیوں کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ واضح رہے کہ عالمی وبائی مرض Covid-19کے دوران ماہ اپریل میں کورین حکومت کی جانب سے پاکستان کے تعاون کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو 3لاکھ امریکی ڈالرزجاری کئے گئے تھے جبکہ توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے کورین سرمایہ کاروں کی طرف سے بھی 47ہزارامریکی ڈالرز فراہم کئے گئے تھے۔
دریں اثنا مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں کو تمام تر سہولیات مہیا کی جارہی ہیں,صوبے کے تمام ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹرز اور طبی عملہ دن رات ایک کرکے مریضوں کی زندگیوں کو بچانے میں مصروف ہے۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے اتوار کے روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے فراہم علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا.اجمل وزیر کو اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کرونا وباء کے دوران ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا.مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبائی حکومت کی تمام توجہ ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے پر مرکوز ہے,ہسپتالوں کو جولائی کے آخر تک مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔انکا کہنا تھا کہ کرونا مریضوں کے لیے ایچ ڈی یوزبیڈز اور آئی سی یو بیڈز کی تعداد گزشتہ کچھ عرصے کے دوران تیزی سے بڑھائی گئی ہے جبکہ اگلے ماہ کے اختتام تک اس میں مزید اضافہ ہوگا۔انھوں نے کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء کے دوران ڈاکٹرز مسیحائی کے اس شعبے کا حق ادا کررہے ہیں اورکرونا سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں،ڈاکٹرز موجودہ صورتحال میں ہیروز ہیں،انشاء اللہ جلد ہی اس مشکل وقت سے قوم نکل آئے گی۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاط کریں کیونکہ اس وائرس کا نہ تو کوئی علاج ہے نہ دوااسلئے اپنی صحت و زندگی کی خاطر عوام کو احتیاط کی راہ اختیار کرتے ہوئے حکومت کی بتائے ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔


شیئر کریں: