Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ٹی آئی دروش کی نگرفورٹ میں استقبالیہ تقریب، متعدد افراد کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

شیئر کریں:

دروش(چترال ٹائمز رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف ضلع چترال کے جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل صلاح الدین کی دعوت پر نگر فورٹ میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر سجاد احمد خان کے علاوہ دیگر قائدین، دروش سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر دروش کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، پارٹی قائدین نے نئے شامل ہونے والے افراد کو ٹوپیاں پہنائیں۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں میں سابق ناظم وی سی آڑیاں حاجی نصیر الدین، سابق ناظم وی سی عشریت اقبال الدین بھی شامل تھے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سجاداحمد خان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ آج کے اس تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نہ صرف پارٹی کارکنان کا خیال رکھے گی بلکہ بغیر کسی تعصب کے پورے چترال کی خدمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت پی ٹی آئی ہی لوگوں بالخصوص نوجوانوں کیلئے امید کی کرن بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا مخالف عناصر ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کے اندر اختلافات پیدا کرکے پارٹی کو کمزور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور انکا عمران خان کے وژن اور تحریک انصاف کیساتھ کوئی ہمدردی نہیں۔ سجاد احمد خان نے کہا پچھلی حکومت کے دور میں اسوقت میں صوبائی نائب صدر تھا اور دروش کو تحصیل کا درجہ دینے اور دروش ہسپتال کو اپگریڈ کرنے میں میرا کردار شامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل صلاح الدین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تقریب میں پی ٹی آئی کے کارکنان کے علاوہ دیگر دوستوں کو بلانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم سب ملکر چترال کی ترقی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہم پر اعتماد کیا ہے، ہمارا اپنا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ ہم سب عمران خان کے وژن کے مطابق ملک و قوم کی خدمت کیلئے آگے آئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے اندر اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ہم اپنے ناراض ساتھیوں کو منالیں کیونکہ ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا میرے دروازے بلا کسی تفرقے کے سب کے لئے کھلے ہیں۔


اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی تحصیل دروش کے صدر ارشاد مکرر نے کہا کہ پارٹی قیادت اب نظریاتی اور مخلص کارکنان کے ہاتھوں میں آچکی ہے، اب چند لوگوں کی اجارہ داری نہیں ہوگی بلکہ پارٹی کارکنان کو انکا مقام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر عوامی مسائل حل کرنے اور قومی خدمت کے لئے ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس مختصر تقریب میں درجنوں افراد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ موجودہ قیادت کے سامنے آنے کے بعد لوگوں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے اور وہ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ تقریب سے پی ٹی آئی سنیئر راہنما جناح لال، آڑیاں دروش کے سابق ناظم حاجی نصیرالدین،پیر کرم الٰہی،قاری احمد علی اور اظہار دستگیر نے بھی خطاب کیا۔

pti drosh chitral 2

شیئر کریں: