Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈی ایچ کیوہسپتال چترال کی واحد ڈیالیسز مشین خراب، گردے کے مریض مصائب کا شکار

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزہسپتال چترال میں ڈیالیسز مشین گزشتہ سال اگست سے خراب ہونے کی بنا پر گردے کے مریضوں کو سخت تکلیف کا سامنا ہے جنہیں گردوں کی صفائی کے لئے پشاور کا سفر کرنا پڑتا ہے جس میں 25ہزار روپے کا خرچ آنے کی وجہ سے کئی نادار مریض بغیر علاج کے ایڑیاں رگڑ رگڑ کے جان دے دی اور کئی قابل رحم حالت میں ہیں۔ چترال ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے گردے کے ایک مریض سیف الاسلام نے چترال پریس کلب میں صحافیوں کو بتایاکہ گزشتہ سال ہسپتال کی مشین خراب ہونے کے بعد متعدد مرتبہ پشاور جاکر ڈیالیسز کرائی لیکن مہینے میں دو دفعہ یہ بھاری اخراجات برداشت کرنے ان کے بس کی بات نہیں جس کی وجہ سے ان کے گردے اب ناکارہ ہونے کے قریب ہیں۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم نے ڈایالیسز مشین کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اس میں چار لاکھ روپے مالیت کی ایک سپیر پارٹ خراب ہے جس کی رپورٹ بالائی حکام کو کردی گئی تھی۔

جماعت اسلامی یوتھ کے صدر وجیہ الدین نے اس بات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف پی ٹی آئی حکومت ہیلتھ سیکٹر میں انقلابی اقدامات کا دعویدار ہے تو دوسری طرف عملی میدان میں صورت حال ناگفتہ بہہ ہے جس کا اندازہ ضلعے میں گردوں کے مریضوں کے لئے واحد سہولت کی ایک سال سے مسلسل خرابی ہے جس کے لئے حکومت کے پاس چار لاکھ روپے کی حقیر رقم بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صرف ڈیالیسز کے لئے مریض کو پشاور کے ہپسپتال بھیجنا اس حکومت کے لئے شدید بدنامی کا باعث اور اس کے قول اور فعل میں واضح تضاد کی نشاندہی کرتی ہے اور چترال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بنیادی سہولیات کاشدید فقدان انصاف صحت کارڈ کے ڈرامے کی قلعی کھول دینے کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہذب معاشرے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ڈیالیسز مشین کی ایک سال تک مسلسل خرابی کا معاملہ سامنے آنے پر وزیر صحت مستعفی اور سیکرٹری ہیلتھ کو ڈی۔جی ہیلتھ کے ساتھ فوری طور ملازمت سے معطل کئے جاتے۔ دریں اثناء باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ 2009ء میں خریدا گیا چترال ہسپتال کا ڈیالیسز مشین پرانے ماڈل کا ہے جسے کئی عرصے سے متروک کیا گیا ہے اور اس کے پارٹس بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
36845