Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کی طرزپرگرم چشمہ چترال سمیت پانچ مقامات پرفزیبلٹی ماسٹرپلائننگ کررہی ہے

شیئر کریں:

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پروادی چور بٹگرام ہزارہ ڈویژن کو جلد نیا سیاحتی مقام بنایا جائے گاجسے خصوصی طور پر بجٹ میں شامل کیا گیا ہے،منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواجنید خان


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کا شعبہ ہی معیشت کی مضبوطی اور لاکھوں روپے آمدن کا باعث بن سکتا ہے تاہم اس سلسلے میں سیاحتی انفراسٹرکچر اور سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی رسائی کیلئے بہترین رابطہ سڑکوں کی بحالی کویقینی بنانا ہے، ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان نے کیا، منیجنگ ڈائریکٹرٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 25 لاکھ سے بھی زیادہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے گلیات، ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن سمیت ناران، کاغان، دیر لوئر، دیر اپر، وادی کمراٹ، چترال سمیت وادی کیلاش، بمبوریت، بونی میں ہونے والے تہواروں میں شرکت کی جس سے مقامی افراد کو بھی معاشی طور پر فائدہ ہوا تاہم کورونا وائرس کے باعث اب ان علاقوں میں سیاحت کا سیکٹر متاثر ہوا ہے۔ان نقصانات کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے سیاحت کے شعبہ کوبجٹ 2020-21 میں اعلی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے ایک خاص رقم مختص کی ہے، حکومت نے ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 4400 ملین مختص کئے ہیں جبکہ ساتھ ہی بونیر، صوابی، کوہاٹ، دیر، ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی اضلاع میں سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے 2000 ملین کی رقم مختص کی ہے،

ایم ڈی جنید خان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بٹگرام میں وادی چور کا خصوصی طور پر بجٹ میں شامل کیا گیا ہے جسے جلد ہی ہزارہ ڈویژن کے نئے سیاحتی مقام کے طور پر شامل کیا جائے گا،وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا سیاحت کی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جو ملک کی معیشت میں ریڑ کی ہڈی کی مانند ہے۔ ضم اضلاع میں ضلع خیبر کی وادی تیراہ، سمونہ اورکزئی، پاڑا چنار ڈسٹرکٹ کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے سیاحتی مقامات کیلئے 3000 ملین کی رقم مختص کی گئی ہے،

وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت سے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پانچ منصوبوں کی فزیبلیٹی کی ماسٹر پلائننگ کرنے کا کہا ہے جس میں ٹورازم ریزورٹ ڈیویلپمنٹ کوہ سلیمان ڈیرہ اسماعیل خان، شیخ بدین سیاحتی ریزورٹ، چاپری پاڑاچنار ضلع کرم، مردان اور تخت بھائی میں آثارقدیمہ کیساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے ورثہ کے مقام اور گرم چشمہ چترال لوئر شامل ہیں، خیبرپختونخوا حکومت ان مقامات کی انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کی طرز پر فزیبلٹی ماسٹر پلائننگ کررہی ہے اس کے حصول کیساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پانی کی فراہمی اور بجلی کے رابطوں جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مطلوبہ اراضی کی نشاندہی کریگی، ترقی کے عمل کے بعد یہ میگا پراجیکٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پیش کیا جائے گا، امید ہے کہ ان منصوبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کی جا سکے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن جنید خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہنڈ صوابی کے مقام پر بین الاقوامی معیار کے تفریحی پارک کی ترقی کیلئے فزیبلٹی جاری ہے جو یقینی طور پر مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
36820