Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال میں درجہ حرارت میں اضافہ، گولین گول میں برفانی جھیل پھٹ جانے کاخدشہ، ہائی الرٹ جاری

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) درجہ حرارت میں حالیہ اضافے کے ساتھ گولین گول میں برفانی جھیل کے پھٹ جانے سے سیلاب (گلوف) کی الرٹ جاری ہونے کے ساتھ لویر چترال کی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر متعدد اقدامات اٹھائی ہے جن میں وادی کی رہائشیوں کو سیلاب کی پیشگی اطلاع دینا، سیلاب آنے کی صورت میں محفوظ ٹھکانوں کی نشاندہی، ریلیف کے سامان کی گولین کی طرف روانگی اور ضروری ادویات کی اسٹوریج شامل ہیں۔ دو دن قبل الرٹ جاری ہونے کے فوری بعد ڈی سی چترال لویر نوید احمد نے متعلقہ محکمہ جات کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے ممکنہ سیلاب کے بعد حالات سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جس میں محکمہ ہائے ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ کے علاوہ ٹی ایم اے، ریسکیو 1122کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کے مطابق گولین میں عوامی آگہی پھیلائی جائے گی تاکہ عوام کو کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لئے تیار رکھا جاسکے اور سیلاب آنے کی صورت میں افراتفری کم سے کم ہو اور سیلاب سے محفوظ ٹھکانوں کی نشاندہی ہوسکے۔ محکمہ موسمیات کی مدد سے سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے کی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ عوام بروقت خطرے کی حامل مقامات سے نکل سکیں۔ اسی طرح محکمہ ایریگیشن کے ذریعے گولین گول کی چینلائزیشن کے ذریعے سیلاب کو انسانی آبادی سے روکنے کے لئے محکمے کے ایکسین کو اور دوسرے انفراسٹرکچروں محفوظ بنانے کے لئے متعلقہ محکمہ جات کو ٹاسک دے دئیے گئے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر کو مطلوبہ مقدار میں ادویات اسٹور رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کے فیصلے کے مطابق ریلیف کے سامان گولین گول روانہ کردئیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایاہے کہ آنے والے 36گھنٹے اس سلسلے میں حساس ہوسکتے ہیں جس کے دوران گلیشر پھٹ سکتے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 7جولائی کو گلیشیر کے پھٹ جانے سے وادی کا رابطہ ایک ماہ تک ملک کے دیگر حصوں سے کٹ کررہ گیا تھا۔

glof alert golen gol chitral 1

شیئر کریں: