Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توانائی منصوبوں میں تاخیرناقابل برداشت ہے،چترال اوردیر میں مقامی افراد سے کام لیا جائے۔انجینئرنعیم

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان نے کہا ہے کہ توانائی منصوبوں میں تاخیرناقابل برداشت ہے منصوبوں میں بلاجوازتاخیرکرنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کوروناوائرس کی موجودہ ایمرجنسی صورتحال میں ضلع دیر میں 41میگاواٹ کوٹوہائیڈروپاورپراجیکٹ اورضلع چترال میں 69میگاواٹ لاوی ہائیڈروپاورپراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ٹھیکہ دارکمپنیوں کی جانب سے عارضی طورپر کام بند کرنے پر منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کوہدایات جاری کیں کہ مقامی افراد کے ذریعے کام جاری رکھاجائے تاکہ تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹوپیڈو انجینئرنعیم خان کی زیرصدارت صوبے میں جاری توانائی منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ٹھیکہ داروں سے ویڈیولنک کے ذریعے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں جنرل منیجرہائیڈل پیڈوانجینئرزاہد اخترصابری سمیت توانائی منصوبوں کے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوٹو اورلاوی ہائیڈروپاورپراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ٹھیکہ داروں کوسختی سے ہدایا ت جاری کی گئیں کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنی تمام ترتوانائیاں صرف کریں۔چینی کمپنیوں کے ذمہ داروں نے یقین دلایا کہCovid-19صورتحال میں بہتری آنے کے بعد وہ جلد پاکستان آکر دوبارہ کام شروع کریں گے۔انجینئرنعیم خان نے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ منصوبوں پر مقامی افراد کے ذریعے کام جاری رکھیں اورچینی ٹھیکہ داروں سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ منصوبوں پرکام جاری ر ہے۔ انہوں نے توانائی منصوبوں پر کام کرنے والے تمام متعلقین کوخبردارکیا کہ توانائی منصوبوں پر کسی بھی قسم کی تاخیر پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
36777