Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بھٹو اورمشرف کے بعد عمران خان ہی ہے جوچترال کے عوام کے ساتھ محبت کرتا ہے۔۔وزیرزادہ

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ نے کہا ہے ۔ کہ سابق صدر پرویز مشرف اوربھٹو کے بعد اگر کوئی حکمران چترال کے لوگوں کے ساتھ محبت کرتا ہے تو وہ موجودہ وزیر اعظم عمران خان ہے ۔ جس نے دو مرتبہ چترال کو مخصوص نمایندگی دی ۔ اور اپر چترال کو ضلع بنایا ۔ جو کہ لواری ٹنل کی تعمیر کے بعد سب سے اہم کام ہے ۔ کیونکہ اسی ضلع کے مطالبے پر سابق پی پی پی کی حکومت میں لوگوں پر ڈنڈے برسائے گئے ۔ اور اُنہیں پابند سلاسل کیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال پولو گراءونڈ کی تعمیر کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر سجاد احمد ، سابق صدر عبد اللطیف ، صدر چترال پولو ایسوسی ایشن چترال شہزادہ سکندرالملک ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چترال عبد الرحمت ، معروف پولو پلئیر ( ر) صوبیدار میجر مقبول علی خان ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو ، پولو پلئیرز پی ٹی آئی کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا صوبے کے کسی بھی ضلع سے بڑھ کر چترال کی ترقی چاہتے ہیں ۔ جس کا ثبوت یہ ہے ۔ کہ انہوں نے چترال کی دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ پولو کی ترقی کیلئے 13کروڑ روپے کی خطیر فنڈ منظور کی ہے ۔ جس سے چترال کے پندرہ پولوگراءونڈ ز کی تعمیر ومرمت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولو چترال کا قدیم کھیل اور ثقافت کا اہم حصہ ہے ۔ اور فری سٹائل پولو کی بدولت پوری دنیا میں اس خطے کی پہچان ہے ۔ جبکہ چترال کے پولو پلئیرز نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود اس مہنگا ترین کھیل کو زندہ رکھا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کے مسائل بتدریج حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال مین پولو گراءونڈ کی تعمیر پر ایک کروڑ چوہتر لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ اگر فنڈ کی کمی ہوئی، تو بیوٹیفیکیشن فنڈ سے مزید فنڈ فراہم کی جائے گی ۔ مگر تعمیر کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی ۔ کہ وہ پولو گراونڈ کمیٹی کے مشورے کے مطابق تعمیر کو ممکن بنائے ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ سیاحت سابق حکومتوں کی ترجیح نہیں تھی ۔ اس لئے انہوں نے کسی بھی کام کو سنجیدہ نہیں لیا ۔ پولو گراءونڈز کی تعمیر اور سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ خصوصا کالاش ویلیز روڈ اور گرم چشمہ روڈ کو سیاحت کی بنیاد پر بھی بہتر بنانے کی کوشش نہیں کی ۔ آج دس سال حکومت میں رہنے والا ایک نمایندہ مجھے گرم چشمہ میں کالج بنانے کا ٹاسک دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ گرم چشمہ روڈ ڈراپ کیا گیا تھا ۔ تاہم اُسے دوبارہ شامل کر لیا گیا ہے ۔ جس پر آٹھ کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ کالاش ویلیز روڈ آخری مرحلے میں ہے جس پر چار ارب ساٹھ کروڑ رو پے ، آرندو روڈ پر ڈھائی ارب ، چترال یونیورسٹی پر ڈیڑھ ارب ، گولین بحالی پراجیکٹ پر چالیس کروڑ خرچ کئے جائیں گے ۔ معاون خصوصی نے کہا ۔ کہ میں کمیشن خور نمایندہ نہیں ہوں ۔ اس لئے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا ۔ میں چترال کا بیٹا ہوں اور اس کی ترقی میری ترجیح ہے ۔ میں چترال کے مسلم کمیونٹی کا شکر گزار ہوں ۔ کہ اُن کی محبت ہی کی بدولت میری کمیونٹی زندہ ہے ۔ وزیر زادہ نے کہا ۔ کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتے ۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے چترال کے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کو اپنے صوابدیدی فنڈ سے 13کروڑ روپے دیے ہیں ۔ جس سے کافی مسائل حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں چترال کے تمام نمایندگان کی دل سے قدر کرتا ہوں ۔ وہ میرے لئے انتہائی قابل احترام ہیں ۔ اس موقع پر شہزادہ سکندرالملک اور ڈی ایس او عبد الرحمت نے بھی خطاب کیا ۔

wazir zada inaugurated chitral pologround rehbilitation sikandarul mulk
wazir zada inaugurated chitral pologround rehbilitation3
wazir zada inaugurated chitral pologround rehbilitation5 1

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
36596