Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اگلے مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبے کیلئے خاطر خواہ فندز مختص کئے جائینگے۔۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کہا ہے کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لئے خاطر خواہ فندز مختص کئے جائیں گے تاکہ صحت کے نطام کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے اسے کورونا وبا اور اس جیسی کسی بھی ہنگامی صورتحال کی چیلنجوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنایا جاسکے۔ اس مقصد کے لئے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی مراکز صحت سے لیکر تدریسی ہسپتالوں تک کے تمام طبی اداروں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس سمیت تمام درکار عملے، طبی آلات اور ضروری ادویات کی کمی کو پوری کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے اگلے مالی سال کے محکمہ صحت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکریٹری منصوبہ بندی ہمایون خان اور سیکریٹری ہیلتھ سید امتیاز حسین کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے محکمہ صحت کے مجوزہ منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل شعبہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں طبی مراکز میں علاج معالجے کی سہولیات اور خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ایک جامع منصوبہ شامل کرنے کی تجویز ہے۔ صوبے میں نرسنگ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے صوبے کے تمام نو نرسنگ سکولوں کو کالجوں کا درجہ دیا جائے گا۔ اسی طرح اگلے بجٹ میں صحت انصاف کارڈ منصوبے کو صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع دینے کے لئے اضافی فنڈ مختص کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مضبوط بنانے ، طبی عملے کی کمی کو پوری کرنے اور متعدد ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات اور ضروری طبی آلات کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اہم منصوبوں کے علاوہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اقدامات بھی اگلے سالانہ ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہونگے۔ اسی طرح ضم شدہ اضلاع کے لئے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت ان اضلاع کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، ان ہسپتالوں کے لئے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی بھرتی اور جدید طبی آلات کی فراہمی کے منصوبوں کو مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعلی نے اگلے مالی سال کے دوران صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلی حکام کو ہدایت کی ان منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام بلا تاخیر ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ نئے بننے والے ہسپتالوں کی عمارت مکمل ہونے کے ساتھ ہی ان ہسپتالوں کے لئے درکار طبی عملے کی بھرتی اور طبی آلات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع نوشہرہ میں سسرالیوں کی طرف سے خاتون پر مبینہ تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس واقعے میں مبینہ طور پر ملوث متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او اور کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیر اعلی نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا سے اس سلسلے میں رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ واضح رہے کہ متاثرہ خاتون نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او اور ایک کانسٹیبل پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اس پر تشدد کرنے میں اس کے سرالیوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔ وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ الزام ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او کو قرار واقعی سزا دی جائے گی اور متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا معاشرے کے کمزور طبقوں کا تحفظ حکومت کی زمہ داری ہے۔ الزامات ثابت ہونے پر واقعے میں ملوث تمام لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔


شیئر کریں: