Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تحصیل موڑکہواورتورکہو کو ملانے والا واحد پل تاحال تعمیرنہ ہوسکا،عوام مشکلات کا شکار۔۔اعظم خان

شیئر کریں:

چترال(نذیر احمدشاہ) اپر چترال کے گاؤں نشکو سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن اعظم خان نے کہا ہے کہ تحصیل موڑکھو اور تورکھو کو ملانے والا استارو گول جیپ ایبل پل کے گرے ہوئے تین ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ابھی تک اس کی تعمیر کاکام شروع نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے تریچ، کھوت اور شاگرام کے تین یونین کونسلو ں کی 50ہزار سے ذیادہ آبادی انتہائی تکلیف میں ہے جن کا ضلعی ہیڈکواٹرز بونی تک پہنچنے کے لئے تین گھنٹوں کی مسافت اور کرایوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں کے عمائیدین اولیاء اللہ استارو، جلال الدین ورکوپ، امت نبی شاہ نشکو، حاجی سلیمان شاہ زیزدی، گل احمد تریچ، شیر افضل شاگرام نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے مزید تاخیری حربے سے کام لیا تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا کیونکہ متاثرہ علاقوں کے عوام کی صبر کاپیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمائیدین نے احتجاج کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے تاکہ حکومت اور متعلقہ محکمے کی بے حسی کو میڈیا کے ذریعے دنیا کے سامنے لایا جاسکے کہ ایک طرف حکمران بلند بانگ دعوے کررہے ہیں، تو دوسری طرف تین ماہ سے پچاس ہزار عوا م محصور ہوکر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے علاقے کے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے پر بھی زور دیاکہ وہ عوام کی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ان کے اس گھمبیر مسئلے کے آواز بلند کرے اور اسمبلیوں میں حکومت کو توجہ دلائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
36251