Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سالانہ ترقیاتی پروگرام میں زیادہ فنڈز جاری منصوبوں کیلئے مختص ہونگی۔۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا کیوجہ سے درپیش مشکل مالی صورتحال کے باوجود اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگاتاہم اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں زیادہ تر فنڈز جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مختص ہو ں گی جبکہ ضرورت کی بنیاد پر نئے ترقیاتی منصوبے بھی کئے جائیں گے لیکن فیزیبیلیٹی کے بغیر کوئی بھی نیا منصوبہ نہیں شروع کیا جائیگا۔ اگلے بجٹ میں صحت کے شعبے کو مستحکم کرنے اور اسے موجودہ صورتحال کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور ریلیف سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال سے پہلے موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے سو فیصد فنڈز ریلیز کئے گئے تھے لیکن اس وباءکی روک تھام کے لئے لاک ڈاو ن کی وجہ سے ترقیاتی فنڈ کے استعمال کی رفتار آہستہ ضرور ہوئی ہے تاہم اس مالی سال کے آخر تک جاری شدہ فنڈز کے کم سے کم 85فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائیگا۔


ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ بننے کے فوری بعد تمام محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائنز دئیے جائیں گے۔ وزراءاور سیکرٹری صاحبان ان ٹائم لائنز کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں ، بصورت دیگر ان سے اس حوالے سے سخت باز پرس ہوگی۔

انہوں نے وزراءاور انتظامی سیکرٹریوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزراء، مشیر اور معاونین خصوصی کو ان کے محکموں کے معاملات میں مکمل اختیارات دئیے ہیں اسلئے وہ اپنے محکموں کی بہتر کارکردگی کے بھی ذمہ دار ہےں، مطلوبہ کارکردگی نہ دکھانے والوں سے سخت جواب طلبی ہو گی۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں اور دیگرجملہ امور سے متعلق اپنے مقررہ اہداف کے سو فیصد حصول کو یقینی بنائیں ۔

محکمہ خوراک کی طرف سے مقامی سطح پر گندم کی خریداری کے مقررہ ہدف کے عدم حصول پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

محمود خان نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو اساتذہ کی پوسٹنگ ٹرانسفر کے لئے ای ٹرانسفر پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اس کے بعد ای ٹرانسفر پالیسی سے ہٹ کے کوئی بھی پوسٹنگ ٹرانسفر نہیں ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو جون کے بعد ہر مہینے کابینہ کے کم از کم دو اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کابینہ اجلاس میں سماجی فاصلوں کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

صوبے میں گندم اور آٹے کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے لوگوں کو ان اشیاءضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام آپشنز استعمال کئے جائیں گے لیکن صوبے میں آٹے اور گندم کی قلت پیدا نہیں ہونے دیں گے۔کورونا کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں کورونا وبا کی روک تھام کے ساتھ ساتھ معاشرے کے کمزور طبقوں کو بھوک اور افلاس سے بھی بچانا ہے ۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے پورے ملک کو ایک وژن اور پالیسی دی ہے اور ہم اسی کے مطابق ہی آگے جائیںگے۔ اجلاس کے آغاز میں کورونا سے شہید ممبر قومی اسمبلی منیر اورکزئی اور ممبر صوبائی اسمبلی جمشید کاکا خیل کے علاوہ شہید ہونے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے درجات کی بلندی اور کورونا سے متاثر تمام مریضوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
36178