Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عوام کو ماسک لازمی پہننا ہوگا اور ہاتھ ملانے سے گریز کرنا ہوگا۔۔۔وزیرصحت

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک تلخ حقیقت ہے ہمیں اس کے ساتھ رہنا ہوگا اور عوام نے کورونا وائرس کو سنجیدہ لینے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ ماسک لازمی پہننا ہوگا اور ہاتھ ملانے سے گریز کرنا ہوگا۔ عوام ایس او پیز پر صحیح طریقے سے عمل درآمد کریں تاکہ حکومت مختلف کاروباروں کو کھول سکے۔ کاروبار کی بندش عوام اور حکومت دونوں کے لیے مفید عمل نہیں۔ وزیر صحت تیمور جھگڑا نے ان خیالات کا اظہار حیات آباد کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے وزیر صحت کو کورونا وباء سے تاجروں کو درپیش مسائل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اگر ہم لاک ڈاؤن نہ کرتے تو آج صوبے میں دن میں سو سے زیادہ اموات ہو رہی ہوتیں۔ ہم لاک ڈاؤن کو مزید نرم کرنے کا سوچ رہے ہیں لیکن اس میں عوام کا تعاون درکار ہے۔ اگر ہمارے ہسپتالوں پر مزید بوجھ نہیں پڑتا تو ہم لاک ڈاؤن کو مزید نرم کردیں گے۔ تیمور جھگڑا نے تاجروں کو یقین دلایا کہ وہ ضلع انتظامیہ سے ملاقات کرکے ان کے مسائل پر بات کریں گے اور جلد حل کرادیں گے۔ وزیر صحت نے تاجر وفد کو یہ بھی یقین دلایا کہ دکانوں کے کرایوں اور پانی کے مسئلہ پر ڈی جی پی ڈی اے کے ساتھ جلد ملاقات کی جائی گی۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حیات آباد میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پولیس حکام کے ساتھ حیات آباد میں سیکیورٹی کے مسئلہ پر بات کی جائی گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
36037