Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلی محمود خان سمیت پوری صوبائی حکومت کا عید الفطر سادگی سے منانے کا فیصلہ۔

شیئر کریں:


عوام عیدالفطر کا تہوار سادگی سے منائیں، اجتماعات اور ہجوم سے گریز کریں، وزیر اعلی محمود خان


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) کورونا کی موجود صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سمیت پوری صوبائی حکومت نے عیدالفطر کا تہوار سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی نےخود احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عید کی چھٹیوں میں اپنے آبائی گاو ¿ں نہ جانے، عید اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منانے اور کسی سے عید نہ ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی نے تمام صوبائی وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کو بھی عید سادگی سے منانے اور اپنی رہائش گاہوں پر کسی سے عید نہ ملنے کی ہدایت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے تمام منتخب عوامی نمائندوں، سیاسی و مذہبی رہنماو ¿ں اور عمائدین پر زور دیا ہے کہ وہ خود بھی عید سادگی سے منائیں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔

انہوں نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ خود کو اور دوسروں کو کورونا وبا سے محفوط رکھنے کے لئے عید کے دنوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں، عید اپنے گھروں میں منائیں، اپنے گھروں،حجروں اور دیگر مقامات پر ہجوم سے گریز کریں۔

وزیراعلی کی کراچی طیارہ حادثے پر افسوس قیمتی جانوں کی ضیاع پررنج وغم کا اظہار


دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے لاہور سے کراچی جانے والے پی آئی اے کے مسافر بردار طیارہ کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلی نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے



شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
35823