Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اقلیتی برادری کے مستحقین کی امدادی چیک روکنے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔۔وزیرزادہ

شیئر کریں:

چترال(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے بعض اخبارات میں صوبے کی اقلیتی برادری کے مستحقین کے امدادی چیک روکنے سے متعلق شائع شدہ خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ اصل صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ بیواؤں کی مالی معاونت کے سلسلے میں 50 لاکھ روپے کے چیک تقسیم ہو چکے ہیں جبکہ میڈیکل گرانٹ اور جہیز کے چیک جانچ پڑتال کے مراحل میں ہیں جو تیاری کے بعد مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی اقلیتی برادری کے 800 مستحق گھرانوں کے لیے 80 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی ہوچکی ہے جس کے چیک تیاری کے مراحل میں ہیں۔ جبکہ بندوبستی اضلاع کے 4000 گھرانوں میں 1 کروڑ روپے کے چیک تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی اقلیتی برادری کے مستحقین کی حکومت کی جانب سے بلا امتیاز امداد کا سلسلہ جاری ہے وزیر زادہ نے واضح کیا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے اقلیتی ممبران صوبائی اسمبلی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ایک پیج پر ہیں اور عید الفطر کے بعد عوامی نمائندے اور محکمہ اوقاف کے حکام مل کر مستحقین میں امدادی چیک تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان کے غربت مٹاؤ وژن کو عملی جامہ پہنا یا جائے گا۔


شیئر کریں: