Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پنشنرز کیلئے سہولت, عبوری ماہانہ متوقع پنشن جاری۔ رقم پنشنرز کے بنک اکاونٹس میں بھیج دی گئی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)اکا ونٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون اور منظوری سے نئے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کیلئے متوقع ماہانہ پنشن کی ادائیگی کا اجراء کر دیا ہے۔ یہ ایڈوانس پنشن کی ایک صورت ہے اور اس کا مقصد سرکاری ملازمین کی ریٹائزمنٹ کے فوری بعد ان کی ماہانہ تنخواہ کے بند ہونے اور ان کے پنشن کیس کی اے جی آفس میں آنے، اس کی چھان بین، منظوری اور ادائیگی تک کے عرصہ میں تنخوا اور پنشن کا عبوری حل پیش کرنا ہے۔


اس طریقہ کار کے تحت ریٹائر ہونے والے پنشنر کو اس کے ساٹھ سال کی عمر کو پہنچنے پر ملنے والی یا اس سے پہلے ریٹائر ہونے کی صورت میں آخری بنیادی تنخوا ہ کاپینسٹھ فیصد عبوری پنشن کے طور پر دیا جائے گا۔پنشن قوانین کے مطابق حتمی پنشن کے تعین کے بعد اس عبور ی ادا شدہ پنشن کو اس میں سے منہا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مارچ 2020میں سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت میں تین سالہ اضافہ کے خلاف پشاور ہائیکورٹ کے فیصلہ کی وجہ سے صوبہ بھر میں دو ہزار سے زیادہ سرکاری اہلکار فارغ ہو گئے تھے اور ان کی تنخواہیں بند ہو گئی تھیں۔مزید برآں کرونا لاک ڈاوٗن کے باعث سرکاری دفاتر کی بندش کی وجہ سے ان کے پنشن کیسوں کی تکمیل اور اے جی آفس تک ترسیل میں غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے پنشنروں کی پریشانیوں اور مسائل میں اضافہ ہو رہا تھا۔ اکاوٗنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی طرف سے نئے پنشنرز کیلئے فراہم کی جانے والی اس نئی سہولت کے باعث نہ صرف پنشنرز کی مالی پریشانیوں میں کمی آئے گی بلکہ بائیس سو خاندانوں کیلئے صحیح معنوں میں عید کی نوید ثابت ہو گی۔


اے جی آفس کی ایک پریس ریلز کے مطابق عمر کی حد میں اضافہ اور پھر اس کی واپسی کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں صوبہ بھر میں ریٹائر ہونے والے تقریباً بائیس سو ملازمین کی متوقع پنشن ان کے بنک اکاونٹس میں بھیج دی گئی ہے جن کے ذریعے وہ ماہ فروری تک اپنی تنخواہیں لیتے رہے ہیں۔ ایسے تمام پنشنرز اپنا نام اکاوٗنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی ویب سائٹ پر موجود ضلع وار فہرستوں میں دیکھ سکتے ہیں۔
اے جی آفس کی پریس ریلز میں واضح کیا گیا ہے کہ متوقع ماہانہ پنشن کی ادائیگی ایک خالصتاً عبوری انتظام ہے جو اکاونٹس آفس میں پنشنر کے متعلقہ محکمہ سے مکمل پنشن کیس کے آنے تک یا زیادہ سے زیادہ ایک سال کی مدت کیلئے ہے۔ موجودہ پنشن رولز کے مطابق اس کا کوئی اثر کموٹیشن یا حتمی پنشن پر نہیں پڑیگا۔ مزیدیہ کہ اس سہولت سے استفادہ کیلئے پنشنر کو نہ کسی اکاوٗنٹس آفس جانے کی ضرورت ہے نہ کسی سفارش کی۔ مستقبل میں بھی ریٹائر ہونے والے تمام پنشنرز کو یہ سہولت کمپیوٹرائزد سسٹم کی بدولت حاصل رہے گی۔پریس ریلیز میں پنشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماہانہ متوقع پنشن کی بنک اکاونٹ میں ٹرانسفر کی تصدیق اور رقم نکالنے کیلئے اپنے بنکوں سے رابطہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں
35762