Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈی ایچ اوز ہسپتالوں کا دورہ کریں،کام نہ کرنیوالے طبی عملے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ وزیرصحت

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کام نہ کرنے والے صحت عملے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ضلع کے ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں اوروہاں درپیش مسائل کو حل کریں۔ صوبے میں کورونا کی وجہ سے متاثر روٹین ویکسینیشن کے عمل کو دوبارہ پہلے کی سطح پر لایا جائے گا جبکہ آئی ایم یو کے ہسپتال وزٹ میں بھی اضافہ کیا جائیگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور، مردان اور ملاکنڈ ڈویژنز کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے وڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع ان اضلاع میں کورونا وائرس کی صورت حال، روٹین ویکسینیشن، ادویات سٹاک اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضلعی ہیلتھ آفیسرز نے اپنے اپنے علاقوں میں کورونا وائرس کی صورت حال، روٹین ویکسینیشن اور ادویات سمیت دیگر مسائل کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر یہ بات سامنے آئی کہ کچھ اضلاع سے ادویات، سٹاف اور دیگر امور سے متعلق ڈیٹا انٹری صحیح نہیں ہو رہی جس کے باعث بروقت فیصلہ سازی نہیں ہو رہی۔ اسی طرح ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ویکسینیٹرز کو حفاظتی سامان مہیا کریں تاکہ وہ فیلڈ میں جا کر روٹین ویکسینیشن کا عمل سر انجام دے سکیں۔ وزیر صحت نے ڈی ایچ اوز کو یہ بھی ہدایت بھی کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں اور وہاں درپیش مسائل کو حل کرائیں۔ تیمور جھگڑا نے اجلاس کے دوران یہ بھی کہا کہ آئی ایم یو کے نمائندے ایک ماہ میں ایک وزٹ کے بجائے مختلف اوقات میں ایک ہسپتال کے کئی دورے کریں۔ آئی ایم یو کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹس باقاعدگی سے منسٹر آفس اور سیکریٹری آفس کو بھیجی جائیں۔ اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ کام نہ کرنے والے صحت عملے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور محکمہ صحت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر کے صوبے میں صحت سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے گا۔


شیئر کریں: