Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے کرایوں میں 25فیصد تک کمی کی ہے۔اجمل وزیر

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبائی حکومت نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 18 سے 25 فیصد کمی کی ہے، وزیراعلی محمود خان نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو نئے کرایہ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اجمل وزیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد مختلف روٹس کے لیے نیا کرایہ نامہ جاری کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک براہ راست پہنچانا ہے۔ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے طے کیے گئے ایس او پیز کے بارے میں اجمل وزیر نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی تمام گاڑیوں کے درمیان فاصلے کو یقینی بنایا جائیگا۔مسافر بٹھانے کے لیے پچھلے دروازے جبکہ مسافر اتارنے کے لیے فرنٹ دروازے کو استعمال میں لانا ہوگا اور مسافروں کے درمیان فاصلہ یقینی بنانا ہوگا۔ اسی طرح تمام گاڑیوں کو جراثیم سے پاک کرنا اور بس اسٹینڈ میں داخل ہوتے وقت تمام مسافروں کو تھرمل گن کے ذریعے چیک کرنا یقینی بنانا ہوگا۔ علاوہ ازیں اڈہ منیجمنٹ والے تمام مسافر اسٹینڈز پر صابن اور سینٹائزر کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور مستقل بنیادوں پر تمام ٹرمینلز کو سینٹائز کرنا اور مسافروں کے درمیان سماجی دوری کو یقینی بنانا ہوگا۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ صرف پرمٹ رکھنے والی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی اور گاڑیاں ایک دوسرے سے 5 میٹر کے فاصلے پر سٹاپ کریں گی اور مارک کی گئی جگہوں پر کھڑی کی جائیں گی تاکہ رش نہ بنے۔انہوں نے کہا کہ تمام بس ڈرائیورز و دیگر سوار عملہ ڈیوٹی شروع کرنے سے قبل روزانہ کی بنیاد پر اپنا ٹمپریچر چیک کرائیں گے جبکہ بس ڈرائیور و دیگر سٹاف ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں گے۔ کنڈیکٹر بس سے اترنے اور چڑھنے والے مسافروں کے ہاتھوں کو سینیٹائز کرے گا اور ڈرائیور مقررہ حد سے زائد مسافروں کو گاڑی میں نہیں بٹھائے گا۔ اسکے علاوہ گاڑیوں کا کولنگ اور ہیٹنگ سسٹم بھی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اجمل وزیر نے کہا کہ ایس او پیز کو اردو زبان میں گاڑی میں نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا اور سفر شروع کرنے سے قبل تمام مسافروں کو ایس او پیز کے بارے میں بتانا لازمی ہوگا تاکہ مسافروں کو حکومتی گائیڈ لائنز کا علم ہو۔ تمام مسافر گاڑی پر سوار ہونے سے قبل ماسک لازمی پہنیں گے ماسک نہ استعمال کرنے والے شخص کو گاڑی میں بیٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ گاڑی پر سوار ہونے یا اترنے کے لیے نوٹیفائیڈ دروازے کا استعمال اور بیٹھنے کے لیے نشان زدہ سیٹ کا استعمال کرنا ہوگا تاکہ کورونا کے خطرات کو کم سے کم کیا جائے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ تمام بسوں / گاڑیوں میں ہینڈ سینیٹایزر کی فراہمی اور اس کا استعمال مسافر، ڈرائیورز و کنڈکٹرز بس میں سوار ہوتے یا اترتے وقت یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں کورونا وائرس کو شکست دیں گے۔ لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کے بارے میں کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ پوری کابینہ عوام کو کورونا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے گراؤنڈ پر موجود ہے وزیراعلی محمود خان خود ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور ائسولیشن سنٹرز کے دورے کررہے ہیں۔#


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
35682