Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیاحتی مقامات کھولنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی جوایس اوپیز طے کریگی۔۔اجمل وزیر

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ سیاحتی مقامات کھولنے کے لیے محکمہ ریلیف، ہیلتھ، منصوبہ بندی اور سیاحت پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے کمیٹی آنے والے سیزن کے موقع پر سیاحتی مقامات کھولنے کے لئے ایس او پیز طے کرے گی،صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی معیار کے 4 مربوط سیاحتی زونز تعمیر کیے جا رہے ہیں، نئے سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جس سے رواں سال سیاحوں کی تعداد میں خاطر خوا اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز اطلاع سیل، سول سیکرٹریٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اجمل وزیر نے کہا کہ مذکورہ سیاحتی زونز سوات،چترال اور ہزارہ ڈویژن میں بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی زونز میں ریسٹورنٹس، پٹرول پمپس، ٹک شاپس اور پلے ایریاز کو باقاعدہ ایک طریقہ کار کے مطابق بنایا جائے گا اورسیاحتی زونز میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا جبکہ گندگی پھیلانے پر جرمانے بھی عائد کیے جائینگے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ نئے سیاحتی زونز بنانے کا مقصد سیاحوں کے لیے تفریح کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی واضح کمی لائی گئی ہے۔اور اس سلسلے میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مختلف روٹس کے لیے نیا کرایہ نامہ بھی جاری کیا ہے جبکہ نئے کرائے نامے کا اطلاق پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہٹانے کے بعد ہوگا۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمود خان نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو نئے کرایہ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلی بار اتنی واضح اور زیادہ کمی واقع ہوئی ہے جسکے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ عوام اور تاجر برادری سے اپیل ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ کورونا کا خطرہ ٹل چکا ہے بلکہ اب پہلے سے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں پوری صوبائی کابینہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی میں کورونا کو شکست دینے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ ساتھ وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی مشاورت کی جاتی ہے اور تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جاتے ہیں۔ ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کے اراکین جو قربانیاں دے رہے ہیں یہ ضرور رنگ لائیں گی اور پوری قوم طبی عملے، پاک فوج، پولیس اور تمام فرنٹ لائنرز کو سیلوٹ کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے احساس پروگرام لا یا گیا ہے جس سے غریب طبقے کی دادرسی کی جا رہی ہے۔ کورونا کی تازہ صورتحال بتاتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 171 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 5423 ہوگئی ہے۔جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں میں 09 اموات بھی ریکارڈ ہوئیں جس سے اموات کی کل تعداد 284 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن میں 113 کورونا مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس سے صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 1505 ہو گئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
35553