Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دیدی

شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دیدی۔ یہ فیصلہ بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ محمد اخلاق رانا و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ کے بجٹ اخراجات کا تقریبا 34 فیصد حصہ پنشن پر مشتمل ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر ملائیشیا کے پنشن ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ نے پنشن فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے، پاکستان پنشن فنڈ کے قیام کا مقصد حکومت پر پڑنے والے پنشن کے بوجھ میں کمی لانا اور ملازمین کی پنشن کے معاملات کا بہتر انتظام یقینی بنانا ہے۔ وزیرِاعظم نے تجویز کی اصولی منظوری دیتے ہوئے وزارتِ خزانہ، وزارتِ مواصلات، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی منظوری دی تاکہ مجوزہ پنشن فنڈ کے قیام اور اس کے انتظام کے حوالہ سے جامع طریقہ کار اور دیگر تفصیلات کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کیلئے پیش کی جائیں۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے پاکستان پوسٹ میں اصلاحات اور ادارے کو منافع بخش ادارہ بنانے اور عوام کو مہیا کی جانے والی خدمات میں بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے حوالہ سے معاہدے پر آئندہ ہفتے دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی بدولت پاکستان پوسٹ کے اہلکار جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر عوام کی خدمت سرانجام دے سکیں گے، ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت پاکستان پوسٹ کے اہلکاروں کو آئی پیڈ اور بائیو میٹرک تصدیق کرنے کے آلات فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر مواصلات نے بتایا کہ پاکستان پوسٹ کی جانب سے پہلی دفعہ بزرگ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ان کے گھر پر فراہم کی گئی ہے، اس اقدام کو اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان پوسٹ کی جانب سے پنشنرز کو عید کے موقع پر ایڈوانس پنشن ادا کی جا رہی ہے۔ وزیر مواصلات نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان پوسٹ کی جانب سے 26 بیش قیمت اراضیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ اب تک کسی بھی استعمال میں نہیں لائی گئی تھیں، ان اراضیوں کی تفصیل جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دی جائیں گی اور ان کو مثبت مقاصد کیلئے بروئے کار لانے کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان پوسٹ میں اصلاحات کے حوالہ سے وزیرِ مواصلات اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے مجموعی طور سرکاری ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے مرتب کی جانے والی تجاویز کے بارے میں وزیرِاعظم کو آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کے محدود مالی وسائل اور پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس امر کی ہے کہ پنشن کے نظام کا جدید خطوط پر انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں اس نظام کو بہتر طور پر چلا جا سکے وہاں حکومت پر پڑنے والے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
35495