Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گلگت؛ لاک ڈاون میں نرمی، ماسک اوردستانے لازمی قرار، بصورت دیگرسوروپے جرمانہ ہوگا

شیئر کریں:

گلگت(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے صوبے میں جاری لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کی گئی ہے اور سماجی دوری اور ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں گلگت بلتستان میں تمام لوگوں کو گھروں سے نکلتے ہوئے ماسک اور دستانے لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ بغیر ماسک کے گھر سے نکلنے والوں پر 100 روپے جرمانہ عائد کیاجائے گا جس کا قانون بنایا گیا ہے۔ عوام شعور اور بیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامہ (ایس او پی) اور سماجی دوری پر عملدرآمد کریں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں تین دنوں تک حکومت کی جانب سے مفت ماسک تقسیم کئے جائیں گے تاکہ عوام میں ماسک کی افادیت اور اہمیت کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جاسکے جس کے بعد کسی کو بھی گھر سے بغیر ماسک پہنے باہر آنے پر 100 روپے جرمانہ کیاجائے گا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایس او پیز اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال اور سماجی دوری کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے آگاہی مہم کے سلسلے میں ضلع گلگت اور ضلع غذر میں مختلف مقامات پر عوام میں مفت ماسک تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے عوام کو ماسک اور سماجی دوری کے افادیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ضلع غذر اور ضلع ہنزہ کے عوام شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے سماجی دوری اور ماسک کا استعمال یقینی بنارہے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا مشکلات کا شکار ہوئی ہے۔ پاکستان میں 5 سو سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ ہمیں اس وبا سے بچنے کیلئے جو اصول و ضوابط متعین ہیں ان کے تحت سماجی دوری اور ماسک کے استعمال کو روز مرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ کورونا وائرس کے بعد ہمیں اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانی ہوگی تاکہ ہم اس مہلک وبا سے محفوظ رہ سکیں۔ اس وبا سے بچنے کیلئے اب تک کوئی ویکسین نہیں بنائی گئی ہے بلکہ اس سے بچاؤ کا واحد حل سماجی دور، ماسک کا استعمال اور ڈبلیو ایچ او کے متعین کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے عوام بے احتیاطی برتنے سے اجتناب کریں۔ کورونا وائرس ایک حقیقت ہے۔ ہم نے اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانا ہے اور اس مہلک وبا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اپنے دورہ غذر کے موقع پر شیر قلعہ آر سی سی پل کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس سے قبل وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنما سلطان مدد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے گھر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔


شیئر کریں: