Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا صورتحال سے نمٹنے کیلئے پشاورمیں ایک ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک ایمرجنسی ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ 300 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال وفاقی حکومت کے اشتراک سے پشاور کے علاقہ دوران پور میں تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے 79 کنال زمین محکمہ صحت کے پاس پہلے سے موجود ہے ۔ ہسپتال کیلئے درکار زمین کی فراہمی کے علاوہ طبی آلات اور سامان کی خریدار ی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی جبکہ وفاقی حکومت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے ہسپتال کی عمارت تعمیر کروائے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی طرف سے ارسال کردہ سمری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔ ہسپتال کے قیام کا فیصلہ کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور آنے والے وقتوں میں اس وباءکے متوقع پھیلاﺅ سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے اس فیصلے کو موجودہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہسپتال کے قیام سے موجودہ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو جائے گا اور یہ ہسپتال مستقبل میںاس طرح کی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی مدد گار ثابت ہو گا۔


رشکئی اکنامک زون منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے
حطار، مہمند اور بونیر اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رشکئی اکنامک زون کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کیلئے تمام تر لوازمات اور انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں تمام کاموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائنز مقرر کئے جائیں تاکہ قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے پر عملی کام کے آغاز میں تاخیر نہ ہو۔اُنہوںنے متعلقہ حکام کو رشکئی اکنامک زون منصوبے کے ڈویلپمنٹ ایگرریمنٹس کو بھی بروقت حتمی شکل دینے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ جمعہ کے روز رشکئی اور حطار اکنامک زونز کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری منصوبہ بندی ، سیکرٹری صنعت ، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلا س کو مذکورہ دونوں اکنامک زونز کے قیام پر اب تک کی پیشرفت اور بعض اُمور میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو رشکئی اکنامک زون منصوبے کے وفاقی اداروں سے جڑے حل طلب اُمور اور معاملات کی نشاندہی کرنے اور ان معاملات کو وفاقی حکومت کے ساتھ اُٹھانے کیلئے ہوم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوںنے حطار اکنامک زون منصوبے کیلئے متبال زمین کی خریداری کے معاملے کو بھی جلد حتمی شکل دینے اور مہمند اور بونیر اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔
اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے رشکئی اکنامک زون منصوبے کو قومی اہمیت کے حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا موجودہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، اس منصوبے سے صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتوں کو فروغ دینے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی ۔


شیئر کریں: