Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ بھر کی ماڈل فارم سروس سنٹر کو گندم کی کٹائی اور گیہائی کیلئے زرعی مشینری مہیا کر دی گئی..محب اللہ

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر پختونخوا کے محکمہ زراعت کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس وزیر زراعت و لائیو سٹاک خیبرپختونخوا محب اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا محمد اسرار خان ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع عابد کمال اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر زراعت کو صوبے میں گندم کی کاشت اور پیداوار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محکمہ زراعت کے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں تقریباً 40 لاکھ ایکڑ اراضی پر گندم کی کاشت کی گئی ہے جس کی اوسط پیداوار تقریباً 13 لاکھ ٹن ہے۔وزیر زراعت کو صوبائی حکومت کی جانب سے زمینداروں کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ کے دوران محکمہ زراعت نے صوبائی حکومت کی کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی دوران کیے گئے محکمہ زراعت کے اقدامات زرعی ورکشاپ کو بندش سے مستثنیٰ کرنے،زرعی مداخل کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت اور زرعی مشینری کی بلارکاوٹ نقل و حمل کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ساتھ ہی وزیر زراعت کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی ہدایت پر صوبہ بھر کی ماڈل فارم سروس سنٹر کو گندم کی کٹائی اور گیہائی کیلئے زرعی مشینری مہیا کر دی گئی ہے جو زمینداروں کو مناسب کرایا پر دستیاب ہوگی۔اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں قائم کیے جانے والے ماڈل فارم زمیندار بازار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جہاں پر کسان اپنی زرعی پیداوار براہراست صارفین کو مہیا کرتے ہیں۔سیکرٹری زراعت محمد اسرار خان نے وزیر زراعت کو صوبہ کے پانچ اضلاع پشاور،مردان، ایبٹ آباد، بنوں اور مانسہرہ میں صارفین کی سہولت کیلئے ان کی دہلیز پر پھلوں اور سبزیوں کی رسائی کیلئے قائم کیے گئے آن لائن ڈلیوری سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر زراعت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن ڈلیوری سسٹم کو جلد سے جلد صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے اور کسانوں اور صاریفین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدام کیا جائے۔صوبائی وزیر زراعت نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن میں محکمہ زراعت کے عملہ کی زمینداروں اور عوام کی خدمت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہے اور ساتھ ہی اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت آئندہ بھی صوبہ کے زمینداروں اور صاریفین کی خدمت اور تعاون اسی جذبے کے تحت جاری رکھے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں: