Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کراچی میں پھنسے طلبا ودیگر مسافروں کو گلگت پہنچا نے کاعمل جاری، 2000 سے زائد افراد کو لایا گیا،محکمہ ایکسائز

شیئر کریں:

گلگت (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان اور حکومت سندھ کے تعاون سے کراچی میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے طلبا اور دیگر مسافروں کو گلگت بلتستان پہنچا نے کا عمل جاری ہے۔اب تک 2000 سے زائد طلبا اور دیگر مسافروں کو گلگت بلتستان لایا گیا ہے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محمد خرم آغا، سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان چودھری محمد علی رندھاوا اور سیکریٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ ٹرانسپورٹ گلگت بلتستان جواد اکرم کی خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان ابوبکر صدیق خان کی سربراہی میں ایک 10 رکنی ٹیم جس میں ویب ڈویلپر سید تصور مہدی، ایکسائز سپرنٹنڈنٹ شیر بہادر اور دیگر شامل ہیں کو کراچی روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ ٹیم کراچی میں موجود طلبا اور دیگر فیملیز کو گلگت بلتستان بھجوانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔کراچی میں موجود طلبا جن میں مدارس بھی شامل ہیں اور دیگر فیملیز کو باقاعدہ گورنمنٹ اف سندھ محکمہ صحت کی SOPs کے تحت کو رونا وائرس کی ٹیسٹ کرنے کے بعد جن کی ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو آتی ہیں ان کو ہی گلگت بلتستان کے طرف سفر کرنے کے لئے NOC جاری کرتی ہے اور جن طلبا اور دیگر کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آتی ہیں ان کو وہی پر قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے۔

اس سلسلے میں کراچی میں موجود ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان ابوبکر صدیق خان اور ان کے پوری ٹیم دن رات اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں اور کراچی میں موجود تمام ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت سندھ کے ساتھ طلبا کی ٹیسٹنگ کرنے اور بسوں کا انتظام کر نے کے لئے وقتا فوقتا تفصیلی ملاقاتیں بھی کرتے ہیں اس کے علاوہ کراچی میں موجود مدارس،مساجد اور امام بارگاہوں کے ذمہ داروں سے بھی ملاقاتیں کرتے ہوئے طلبا کو گلگت بلتستان بھجوانے کے عمل کو جاری رکھا ہوا ہے۔ترجمان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان سید توقیر عباس رضوی کے مطابق اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کراچی سے طلبا اور دیگر مسافروں کو پرائیویٹ بسوں کے ذریعے سے راولپنڈی اسلام آباد کے لئے روانہ کیا جاتا ہے راولپنڈی اسلام آباد پہنچنے کے بعد وہی سے تمام مسافروں کو نیٹکو کی بسوں کے ذریعے گلگت بلتستان لایا جا رہا ہے۔اور گلگت بلتستان کے حدود میں پہنچنے کے بعد دیامر تھور چیک پوسٹ پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان اور محکمہ صحت کے تعاون سے تمام مسافروں کی سیکرنینگ اور تفصیلات کو جمع کرنے کے بعد تمام بسوں کو ایک ساتھ وہی سے آگے روانہ کیا جاتا ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر ڈسٹرکٹ دیامر شیر زمان کی زیر نگرانی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دیامر تھور چیک پوسٹ کے فیلڈز سٹاف دن رات اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔جوں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا عملہ کراچی سے لے کر گلگت بلتستان تک اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اسی طرح یہ ریسکیو کا عمل کراچی اور دیگر صوبوں میں پھنسے ہوئے تمام طلبا اور دیگر فیملیز کو گلگت بلتستان پہنچانے تک جاری رہے گا۔


شیئر کریں: