Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ زراعت نے زرعی اجناس سمیت مختلف پھلوں اور سبزیوں کی 23نئی ترقی دادہ اقسام کی منظوری دیدی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)محکمہ زراعت ریسرچ خیبرپختونخوا نے صوبے میں زرعی خود کفالت اور سر سبزانقلاب لانے کے لیے زرعی اجناس گندم، مکئی، زیتون سمیت مختلف پھلوں اور سبزیوں کی 23نئی ترقی دادہ اقسام کی منظوری دی ہے۔مذکورہ اجناس کی نئی ترقی دادہ اقسام صوبے کے زرعی سائنسدانوں کی تحقیقی کوششوں کا نتیجہ ہیں جن کی تیاری صوبے کی ماحولیاتی خصوصیات کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے جو زیادہ پیداوارکی حامل ہوں گی۔اس سلسلے میں آج صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور چیئر مین صوبائی سیڈ کونسل محب اللہ خان کی زیر صدارت صوبائی سیڈ کونسل کا 39 واں اجلاس زرعی تحقیقاتی ادارہ پیر سباق نوشہرہ میں منعقد ہوا جس میں مجوزہ نئے بیجوں کی خصوصیات کا جائزہ لیا گیا اور مذکورہ نئی متعارف کردہ اقسام کی کمرشل کاشت کے لیے منظوری دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت محمد اسرار، ڈی جی زراعت ریسرچ ڈاکٹر عبدالروف،ڈی جی زراعت توسیع محمد نسیم خان، چیف پلاننگ آفیسر زراعت مرتضیٰ شاہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں زرعی تحقیقی ادارے اور دیگر اداروں کی جانب سے تیار کردہ ترقی دادہ اقسام کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں جس کی رو سے گندم کی نئی مجوزہ اقسام میں AZRC ڈیرہ،فہیم 2019،پیرسباق 2019،گلزار 2019،مکئی کی نئی اقسام میں کپتان،آرمی،سعد،بلال، زیتون کی اقسام میں زر-1،ترناب-1،چراٹ 1، سیب کی اقسام میں ایم 26،ایم ایم 111،ایم 9،سبزیوں کی اقسام روحانہ،ڈالئی،ناشپاتی کی اقسام ماموسئی اورشغوزی،تھوم کی اقسام سوات گارنک،سنگترے کی اقسام ترناب دیسی،انگورکی ترناب روبی،آڑو کی خیبر 2019 اور مٹر کی نئی قسم رحمانی شامل ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ نئی اقسام جدید سائنسی طریقوں کے ذریعے تیار کی گئی ہیں اور یہ اقسام نہ صرف صوبے میں زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کی حامل ثابت ہونگی بلکہ صوبے کے زرعی سائنسدانوں کی یہ کاوشیں زرعی میدان میں خیبر پختونخوا کو خودکفیل صوبہ قرار دینے میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے نئی اقسام کو متعارف کرانے پر زرعی محقیقین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت کی زرعی ایمرجنسی کے سلسلے میں صوبے کے سائنسدانوں کی یہ کاوش ایک اہم اقدام ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ نئی اقسام 23 مختلف اجناس پھلوں اور سبزیوں کے لیے تیار کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ سال 19 اقسام کے زرعی ترقی دادہ بیج متعارف کرائے گئے تھے۔


شیئر کریں: