Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم نے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے اجراکی منظوری دیدی

شیئر کریں:

ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے قیام کا مقصد کورونا وائرس کی صورتحال میں مستحقین میں مالی معاونت کی فراہمی کے پورے عمل کو شفاف بنانا اور اس حوالہ سے تمام معلومات سے عوام کو آگاہ کر نا ہے۔

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے اجراکی منظوری دیدی ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِاعظم کو احساس ایمرجنسی کیش انفارمشین پورٹل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے قیام کا مقصد کورونا وائرس کی صورتحال میں مستحقین میں مالی معاونت کی فراہمی کے پورے عمل کو شفاف بنانا اور اس حوالہ سے تمام معلومات سے عوام کو آگاہ کر نا ہے۔ انفارمیشن پورٹل کی بدولت کوئی بھی شخص ملک بھر کے کسی بھی ضلع اور تحصیل کی سطح تک احساس ایمرجنسی کیش سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی تعداد اور اب تک تقسیم کی جانے والی رقم کے بارے میں معلومات حاصل کر سکے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی سہولت حاصل کرنے والوں میں احساس کفالت پروگرام میں درج شدہ خاندان، ایس ایم ایس کے ذریعے احساس پروگرام کا حصہ بننے والے افراد، صوبوں کی جانب سے نئے اندراج اور وزارتِ صنعت کی جانب سے محنت کش اور مزدور و مستحق افراد شامل ہیں۔ اس حوالہ سے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کل جمعرات کو پریس کانفرنس کے ذریعے تمام تر تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کریں گی۔ وزیرِاعظم نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالہ سے ڈاکٹر ثانیہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ کورونا وباکی اس مشکل گھڑی میں حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو معاونت فراہم کی جائے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم خصوصی طور پر مبارکباد کی مستحق ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
34615