Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بہتر حکمت عملی کی وجہ سے کورونا سے پیدا صورتحال مثبت سمت کی طرف جارہاہے۔ وزیر اعلی جی۔بی

شیئر کریں:


گلگت(آئی آئی پی) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے کورونا وائرس سے پیدا صورتحال مثبت سمت کی طرف جارہاہے۔ لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا کیلئے ایک المیہ بن چکی ہے۔ محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری ہیلتھ ایڈوائزری دین اسلام کے عین مطابق ہے کسی مذہب کے خلاف نہیں بلکہ انسانیت کی بہتری کیلئے ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں تاجر برداری کا کردار مثبت رہا ہے۔ انتظامیہ تاجروں کے عزت نفس کو مجروع نہیں کرے بلکہ مثبت انداز میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ کورونا وائرس سے پیدا صورتحال میں لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کی سفارشات پر ایپکس کمیٹی میں مشاورت ہوئی جس کی آج حتمی منظوری صوبائی کابینہ دے رہی ہے۔ صوبائی کابینہ کی جانب سے قائم کابینہ کمیٹی کو لاک ڈاؤن کے حوالے سے سفارشات مرتب کرکے ایپکس کمیٹی کی مشاورت کے بعد حتمی منظوری صوبائی کابینہ نے دینی تھی۔ پریس کانفرنس کا مقصد عوامی آرا لینا تھا۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ صورتحال دہشتگردی سے بڑا چیلنج ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال کو غلط فہمی ہوئی ہے جس کو دور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال کے تحفظات دور کرے گی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش موجودہ صورتحال میں سیکریٹری داخلہ کا کردار بھی قابل تحسین رہاہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے سفارشات کی حتمی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تینوں ڈویژنوں کے کمشنرز ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے حکمت عملی مرتب کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کی روشنی میں فوری طورپر اوگرا سے رابطہ کرکے ایل پی جی کے متعین کردہ نرخوں کا گلگت بلتستان میں اطلاق کو یقینی بنانے اور گلگت بلتستان کیلئے اوگرا کی جانب سے جاری ایل پی جی کوٹہ کے حوالے سے رابطہ کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کی جاسکے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے اور موجودہ صورتحال میں سیاسی و مذہبی جماعتوں اور فلاحی تنظیموں کے کردار کو سراہا۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ دیامر میں سی پی آر ٹیسٹنگ لیب کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں اور تمام مضافاتی علاقوں میں ڈاکٹرز کو پرسنل پروٹیکشن کٹس کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری آپریشن میں وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک کسی قسم کی رقم نہیں دی گئی ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے پونے دو ارب کی ڈیمانڈ وفاقی حکومت کوبجھوائی گئی ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ 25 ہزار مستحق گھرانوں میں خصوصی رمضان پیکیج تقسیم کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے 25 ہزار مستحق اور نادار افراد کے گھروں میں راشن پہنچایا جارہاہے۔ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا اور ماہ رمضان المبارک میں خصوصی رمضان پیکیج کے 25 ہزار فوڈ پیک مستحق گھرانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم کو بروقت یقینی بنانے کیلئے سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے آمد سے قبل 20 اپریل سے صوبے بھر میں صفائی مہم کا آغاز کیا جارہاہے۔ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ولنٹیئرز کے تعاون سے صوبے بھر میں صفائی مہم کا آغاز کریں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ نئے تحصیل اور سب ڈویژنز کو فعال کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں ذخیرہ اندوزی اور چوری بازاری کیخلاف قانون کی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ڈاکٹروں کی مستقلی کیلئے ڈرافٹ ایکٹ اور ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ایکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستان
34430