Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ بھر کے مستحق اقلیتی برادری کو تقریباً 2 کروڑ 89 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلی ٰ خیبر پختو نخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے صوبہ بھر کی اقلیتی برادری کے غریب اور مستحق افراد کو تقریباً 2 کروڑ 89 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیاجس میں ممبر صوبائی اسمبلی ولسن وزیر سمیت سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور فرخ سیر اور ڈپٹی سیکرٹری علی رضا نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی جانب سے بندوبستی اضلاع کی پانچ سو بیوہ عورتوں میں مجموعی طور پر پچاس لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے، شادی کی گرانٹ کی مد میں 24 لاکھ روپے اور مریضوں کو علاج کے لیے مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔جبکہ نئے ضم شدہ اضلاع میں 8000 مستحق گھرانوں میں مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے تقسیم ہوں گے، میڈیکل گرانٹ کی مد میں 50 لاکھ روپے اور جہیز گرانٹ کی مد میں بھی 50 لاکھ روپے تقسیم کئے جائیں۔اسی طرح 100 یتیم بچوں کی کفالت کے لیے دس ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے۔معاون خصوصی وزیر زادہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان کے غربت مٹاؤ ایجنڈے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت دیگر مستحق افراد کی طرح اقلیتی برادری کی مالی معاونت کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مستحقین کو ان کا حق بطریق احسن پہنچایا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ان کے طرز زندگی کو بہتر بنانے اور ان کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
34335