Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گلگت میں کرونا کے 118 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

گلگت(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے میں 215 کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تھی جن میں سے 118 صحت یاب ہوچکے ہیں اور اپنے گھر چلے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے ہدایت نامے کے مطابق صحت یا ب ہونے والوں کا کورونا وائرس کا ڈبل ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ آئندہ چند دنوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں واضح کمی آئے گی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر محمد شہباز شریف نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کی مدد کی ہے۔ ہر آزمائش کی گھڑی میں گلگت بلتستان کے عوام کیساتھ کھڑے رہے ہیں۔ پنجاب اور وفاق میں حکومت نہ ہونے کے باوجود صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستا ن کیلئے ایک ہزار پرسنل پروٹیکشن کٹس فراہم کئے ہیں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے درکار ہائی جین کٹس گلگت بلتستان کو دیئے ہیں۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جن کی حکومت ہے انہوں نے کسی قسم کی مدد نہیں کی ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر تقریبا 30 ہزار مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کئے جارہے ہیں۔ مستحق گھرانوں کا چناؤ 100 فیصد میرٹ پر کیا گیا ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں کی گئی ہے۔ 14 اپریل تک صوبے میں لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔ 14 اپریل کے بعد کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کو جاری رکھنے یا نرمی کا فیصلہ کرنے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سفارشات کی روشنی میں لاک ڈاؤن کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں جو منصوبے اور ترقیاتی کام ہوئے وہ 70سالوں سے زیادہ ہے۔ چند سیاسی مخالفین کو مسلم لیگ (ن) کے تعمیر و ترقی کے ایجنڈے سے تکلیف ہے اور چاہتے ہیں کہ تعمیر و ترقی کا عمل ماضی کی طرح دوبارہ جمود کا شکار ہو۔ عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ آخری دن تک عوام اور علاقے کی خدمت کریں گے۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے حکومت گلگت بلتستان کے کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے جس بہترین حکمت عملی اور منظم منصوبہ بندی کیساتھ کورونا وائرس کی روک تھام اور بچاؤ کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں وہ دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ مناسب اور بہترین حکمت عملی کی وجہ سے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 215سے کم ہوکر صرف 66تک پہنچی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ بہت جلد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صفر ہو۔ جس طرح دن رات عوام کی خدمت وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کررہے ہیں وہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلی کیلئے بھی ایک مثال ہیں۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ حکومت اس وبا سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن


گلگت(آئی آئی پی) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ حکومت اس وبا سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ صوبے کے داخلی راستوں پر کورونا وائرس سے متعلق سکریننگ اور قرنطینہ کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ فضائی راستے سے آنے والے تمام مسافروں کا بھی سکریننگ کیا جائے۔ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مسافروں کے قرنطینہ اور آئیسولیشن کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس میں علمائے کرام، عوام اور اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جائے گی جس کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کے سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ کورونا وائرس کے پوسٹ سناریو کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے زندگیوں میں تبدیلی لانی ہوگی۔ سکول، سرکاری دفاتر، ہسپتالوں اور عوامی اجتماعات کے حوالے سے واضح ایس او پی مرتب کی جائے گی جس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ 14 اپریل کے بعد ترقیاتی شعبے سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا تاکہ صوبے کے تعمیر و ترقی کا سفر متاثر نہ ہو۔ حکومت گلگت بلتستان نے صوبے میں مستحق گھرانوں تک راشن پہنچانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ میرٹ پر مستحق گھرانوں کا چناؤ کیا گیا ہے اس عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں کی گئی ہے۔ مستحق گھرانوں کو راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے کے تینوں ریجن میں جدید کورونا وائرس سے متعلق آئی سی یو سنٹر ز قائم کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے قربانی دی ہے۔ چند وفاقی وزرا دیامر بھاشا ڈیم کو صرف واٹر ریزوائر بنانے کے حوالے سے بیانات دے رہے ہیں جسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے قربانی اس لئے دی ہے تاکہ اس منصوبے سے بجلی پیدا کی جائے اور ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہو۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ایڈمنسٹریٹیو اپرول کے اجرا میں غیرضروری تاخیر نہیں کی جائے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 2000 سے 2017 تک محکمہ برقیات کے گھریلو صارفین جن کے بجلی کا یونٹ 300سے کم ہے ان کو 34 کروڑ کے بلوں کی ایمنسٹی کی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ محکمہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ایمنسٹی کے بعد تمام صارفین بجلی کے بلوں کے بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ نئے سب ڈویژنز اور تحصیلوں کو فوری طور پر فعال کئے جائیں تاکہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں۔


شیئر کریں: