Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بچوں کو اگلی کلاسوں میں فری پروموشن کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ صوبائی وز یرتعلیم اکبر ایوب

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)صوبائی وزیر برا ئے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ کلاس اول ادنیٰ سے کلاس ہشتم تک کے بچوں کو فری میں اگلی کلاسوں میں پروموشن نہیں دی گئی ہے اس حوالے سے میڈیا پر غلط باتیں لوگوں تک پہنچائی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو صرف یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ کلاس اول ادنیٰ سے لے کر کلاس ہشتم تک کے جن بچوں کے امتحانات ہوچکے ہیں ان کے نتائج کا فورا اعلان کروا دیا جائے اور جن بچوں نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے ان کو اگلے کلاسوں کی نئی کتابیں، رزلٹ کارڈ اور چھٹیوں کا ہوم ورک دیا جائے تاکہ چھٹیوں میں بچوں کو تعلیم کے ساتھ منسلک رکھا جا سکے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ یہ ہدایات صرف سرکاری سکولوں کے لیے ہیں جبکہ پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) جلد اپنے احکامات جاری کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں امتحانات نہیں ہوئے ہیں اس کے متعلق صوبائی حکومت جو فیصلہ کرے گی وہ عوام کے سامنے بہت جلد واضح کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیر تعلیم نے بورڈ کے امتحانات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نہم،دھم اور گیارہویں بارہویں کے بورڈز امتحانات جون کے پہلے ہفتے میں شروع کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مطلوبہ ٹاسک پورا کرتے وقت کورونا کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور اجتماع اور پانچ سے زیادہ طلباء کو اکٹھا کرنے سے بچایا جائے تاکہ اس وبائی مرض سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایسے احتیاطی تدابیر بھی زیر غور ہیں کہ بچوں کو ان کے رزلٹ کارڈ، ہوم ورک اور کتابیں گھر پر پہنچائی جا سکیں جس کے لئے محکمہ تعلیم کا عملہ پوری طرح سے مصروف عمل ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
34164