Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے 90 فیصد عوام نے کورونا کے حوالے اقدامات پر اعتمادکااظہار کیا ہے ۔۔ سروے

شیئر کریں:


حکومتی اقدامات پر عوام کے اعتماد نے اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزید حوصلہ دیا ہے ، وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات اور انتظامات کو عوامی پذیرائی ملی ہے ۔ صوبے کے 90 فیصد لوگوں نے کورو نا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات اور انتظامات پربھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ اس سلسلے میں گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق صوبے کے صرف 7 فیصد لوگوں نے حکومتی اقدامات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ باقی 3 فیصد لوگوں نے اس حوالے سے کوئی رائے نہیں دی ہے۔اس سروے میں شامل لوگوں کو عمر وںکے لحاظ سے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، جن میں 30 سال سے کم ، 30 سے50 سال اور 50 سال سے زائد عمر کے لوگ شامل ہیں۔سروے میں شامل 30 سال سے کم عمر والے لوگوں کے 78 فیصد ،30 سے 50 سال کے درمیان عمر والے لوگوں کے 79 فیصد جبکہ 50 سال سے زائد عمر والے لوگوں کے 45 فیصد نے کورونا کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جو مجموعی طور پر 90 فیصد بنتا ہے ۔


اس حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات پر عوام کے بھر پور اعتماد نے ہمیں اس مشکل صورتحال سے مزید موثر انداز میں نمٹنے کیلئے حوصلہ دیا ہے اور ہم عوام کے تعاون سے اس آزمائش میں سرخرو ہونے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس مشکل وقت میں صوبے کے عوام نے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے جس کے لئے میں تہہ دل سے عوام کا مشکور ہوںاور یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اس وباءسے لوگوں کی جانوں کو محفوظ کرنے کیلئے اپنی بساط سے بڑھ کر کوششیں جاری رکھے گی ۔
<><><><><><>

صوبے کیلئے امسال 4.5 ملین ٹن گندم کی خریداری کا ہدف رکھا گیا ہے جس میں 1.2 ملین ٹن گندم صوبے کی اپنی پیداوار ہے

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں گندم کی خریداری ، سپلائی اور اس سے جڑے معاملات کے بہتر انتظام و انصرام کیلئے صوبے میں گندم کے گوداموں، سٹاکس اور فلور ملوں کی چیکنگ کے جملہ اُمو ر کو آٹومیٹ کرنے پر کام کر رہی ہے جس سے نہ صرف رجسٹر رکھنے کے سالوں پرانے نظام کا خاتمہ ہوجائے گا بلکہ تمام تر سپلائی چین کی ٹریسنگ اور سٹاکس کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں حقائق پر مبنی معلومات ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔یہ بات وزیراعلیٰ ٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو صوبے میں گندم کی تازہ ترین صورتحال اور آنے والے سیزن کیلئے گندم کی خریداری کے انتظامات سے متعلق دی جانے والی بریفینگ میں بتائی گئی ۔


بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان کو بتایا گیا کہ صوبے کیلئے امسال 4.5 ملین ٹن گندم کی خریداری کا ہدف رکھا گیا ہے جس میں 1.2 ملین ٹن گندم صوبے کی اپنی پیداوار ہے جبکہ باقی کا گندم صوبہ پنجاب اور دیگر ذرائع سے خریدا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں اگلے دو ، تین مہینوں کیلئے گندم اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ آنے والے سیزن کیلئے گندم کی خریداری کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے پر کام جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبے میں مارکیٹس کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کے موثر نظام کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی موجودہ صورتحال کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کی کوشش نہ کرسکے۔
<><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
34154