Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایچ ایم سی میں بھی کورونا ٹیسٹنگ شروع، 7 مزید لیبارٹریوں پر کام جاری ہے۔ وزیر صحت

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد 1 ہزار ٹیسٹ روزانہ تک بڑھا رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا


پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کا صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما سے علاج پر تجاویز کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ صوبے میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ کے ایم یو کے بعد ایچ ایم سی میں کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لیے لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی لیبارٹری میں بھی کورونا ٹیسٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے جس کی استعداد 1 سو ٹیسٹ روزانہ ہے جبکہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کی ٹیسٹنگ استعداد 40 سے بڑھا کر روزانہ 3 سو ٹیسٹ کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کے ایم یو ریفرنس لیبارٹری کی استعداد مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ 7 مزید لیبارٹریاں قائم کر رہیں ہیں۔ مردان، صوابی، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا ٹیسٹنگ لیبز کے ساتھ ساتھ لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں میں بھی لیبارٹری قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ تیمور جھگڑا نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ رواں ماہ ہی صوبے کی کورونا ٹیسٹنگ استعداد 1 ہزار ٹیسٹ روزانہ سے زائد ہو جائے گی۔ دریں اثناء وزیر صحت کی ہدایت پر محکمہ صحت نے کورونا کے نئے مریضوں کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما سے علاج پر تجاویز کے لیے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے کونئیر ایچ ایم سی کے پروفیسر ڈاکٹر شاہ تاج ہوں گے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر فضل رازق، پروفیسر ڈاکٹر خالد خان، پروفیسر ڈاکٹر حمیدہ قریشی اور پروفیسر ڈاکٹر عثمان خٹک کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ پراونشل پیسیو ایمونائزیش کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز قومی بائیو ایتھکس کمیٹی کو منظوری کے لیے بھجوائی جائیں گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
33977