Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں کرونا سے متاثرہ مریضوں‌کی تعداد 48ہوگئی، مشیراطلاعات کی میڈیابریفنگ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلٰی کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے موجودہ صورتحال کے بارے میں ویڈیو لنک کے زریعے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے 24مارچ تا 28 مارچ صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جاسکے تاہم اسکا اطلاق لازمی سروس والے محکموں اور جسکا اس سے قبل اعلامیہ میں واضح کیا گیا تھا پر نہیں ہو گا۔ ان میں محکمہ صحت، پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور سیکرٹریٹ کے بعض ضروری محکمے شامل ہیں۔ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ جس پر قبل ازیں 22 تا 24 مارچ پابندی تھی میں ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے جس کی رو سے یہ پابندی 29 مارچ تک لاگو ہو گی جسکے بعد حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے پبلک ٹرانسپورٹ بارے میں بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اعلامیے کے تحت اضلاع کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی 29 مارچ تک پابندی عائد کر دی ہے۔ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن ہمیں انکی زندگی عزیز ہے۔ عوام کی زندگیوں کی حفاظت کی خاطر اور اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت فیصلے کرنا نا گزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمود خان خیبرپختونخوا تمام حالات کو خود مانیٹر کررہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیااور اب تک ہونے والی اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی محمود خان نے زائرین کیلئے پشاور موٹروے انٹرچینج کے قریب دوران پور میں قائم قرنطینہ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلی نے ٹاسک فورس میٹنگ کی بھی صدارت کی اور صوبے میں کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔صوبے میں کرونا وائرس کی اب تک کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر نے بتایا کہ اب تک ٹوٹل مشتبہ کیسسز کی تعداد 448 ہے جو کہ کل تک 235 مشتبیہ کیسز کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ کنفرم کیسز کی تعداد اکتیس سے بڑھ کر اڑتیس ہوگئی ہے۔اسی طرح 120 کیسز نیگیٹؤ ہیں جبکہ 290 کیسز کے نتائج ابھی آنا باقی ہے۔جبکہ اموات کی تعداد تین ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
.
محکمہ لائیو سٹاک کی گوشت اور دودھ کے دکانداروں کو دکانیں کھلی رکھنے کی ہدایت
گوشت، دودھ اور انڈوں کی فراہمی میں مشکل پیش آنے پر محکمہ لائیو سٹاک سے رابطہ کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان کی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک نے صوبے میں گوشت دودھ اور انڈے کے کاروبار سے منسلک حضرات اور دکانداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں گوشت، دودھ اور انڈوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر بیشتر دکانیں اور مارکیٹیں بند کی گئی ہیں تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے گوشت، دودھ اور انڈوں کی دکانیں کھلی رکھنے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوشت، دودھ اور انڈوں کے کاروبار سے منسلک افراد اور دکاندار اپنے ضلع اور علاقے میں ان اشیاء کی فراہمی کو ہرحال میں یقینی بنائیں تاکہ کورونا وائرس سے صوبے میں پیدا شدہ صورت حال میں عوام کو ان اشیاء کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (توسیع) خیبر پختونخوا ڈاکٹر عالم زیب نے اپنے ایک بیان میں گوشت دودھ اور انڈوں کے کاروبار سے منسلک افراد اور دکانداروں سے استدعا کی کہ وہ صوبے بھر میں اپنے دکانیں کھلی رکھیں اور اپنے ضلع اور علاقے میں گوشت، دودھ اور انڈوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو گوشت، دودھ یا انڈوں کی فراہمی کے حوالے سے کوئی مشکل پیش آرہی ہوتو وہ اپنے ضلع کے لائیو سٹاک آفیسر یا صوبائی افسران سے ان نمبروں 091-9210249,091-9210276 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


شیئر کریں: