Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

سب کو دُعا کرنی چاہیے کہ اﷲ تعالیٰ ہمیں اس وباءسے محفوظ رکھے اور اس کی روک تھام کیلئے ہماری کوششوں میں برکت ڈالے، وزیراعلیٰ
عوام احتیاطی تدابیر کے طور پراجتماعات اور تقریبات سے گریز کریں، محمود خان
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وائرس کو نہ صرف پاکستان بلکہ دُنیا کیلئے ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ احتیاطی تدابیر کو اس وائرس سے بچنے کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ اجتماعات میں جانے سے گریز کریں ، سماجی رابطوں کو کم سے کم کریں اورکسی بھی قسم کے خوف و ہراس کا شکار ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس وائرس کے موثر روک تھام کیلئے بھر پور انتظامات اور اہم فیصلے کر رہی ہے، تاہم سب کواﷲ تعالیٰ سے دُعا کرنی چاہیئے کہ وہ ہمیں اس وباءسے محفوظ رکھے اور اس سلسلے میں ہماری کوششوں میں برکت ڈالے۔ انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوروانا وائرس کے حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے کیلئے بھر پور مہم شروع کی جائے اور اس مقصد کیلئے ابلاغ عامہ کے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صوبے میں ابھی تک کوئی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا تاہم حکومت احتیاطی تدابیر اور حفاظتی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس مقصد کیلئے جو بھی مشکل فیصلے لینا پڑے وہ لے گی ۔ وہ جمعہ کے روز پشاور میں صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال، مشتبہ کیسز کی تعداد اور اس وباءکے متوقع پھیلاﺅ سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی۔
.
اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان تیاریوں کو روزانہ کی بنیادوں پر بہتر بنانے پر زور دیا گیا ۔ طویل غور و خوض کے بعد کابینہ نے دیگر اقدامات کے علاوہ ابتدائی طور پر صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو پندرہ دنوں کیلئے بند کرنے اور سرکاری سطح کی سرگرمیوں میں پچاس سے زائد افراد کے اکھٹے ہونے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے خود سے شروعات کرتے ہوئے آنے والے اتوار کے روز اپنے حلقے میں پہلے سے طے شدہ سرگرمیوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں نجی سطح کے سماجی اجتماعات کو کم سے کم کرنے کیلئے تمام دیگرسیاسی و مذہبی رہنماﺅں سے مشاور ت شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
.
وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی وزراءاور ممبران اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں اس حوالے سے لوگوں میں شعور اُجاگر کرنے کیلئے موثر کردار ادا کریں ۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے موثر تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری آلات اور اشیاءکی خریداری کیلئے درکار فنڈز کی فراہمی کے علاوہ کیپرا رولز سے استثناءکی بھی منظوری دی گئی ۔
<><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
32969