Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حالیہ بارشوں‌سے نقصانات کا تفصیلی ڈیٹافوری اکھٹاکیا جائے….وزیراعلیٰ‌

شیئر کریں:

حالیہ بارشوں سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کا تفصیلی ڈیٹا فوری اکٹھا کیا جائے، مزید نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ضلع میں فیلڈ ٹیمیں روانہ کی جائیں،وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان کی صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حالیہ بارشوں سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کا تفصیلی ڈیٹا فوری اکٹھا کیا جائے اور مزید نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ضلع میں فیلڈ ٹیمیں روانہ کی جائیں۔ انہوں نے تمام ضلعی انتظامیہ کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ان بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی و امداد اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے فوری ٹیمیں روانہ کریں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ان متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر ے گی اوراس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
.
دریں‌اثنا وزیر اعلیٰ محمود خان نے حالیہ بارشوں سے صوبے کے مختلف حصوں میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان واقعات میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی بھر پور مالی معاونت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے میں جان بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
.
وزیر اعلیٰ نے محکمہ ریلیف کو ہدایت کی ہے کہ ان متاثرین کی مالی معاونت کو کم سے کم وقت میں ممکن بنایا جائے اور ان بارشوں سے مزید نقصانات کو کم سے کم کرنے کےلئے تمام تر ضروری اقدامات اور انتظامات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
32761