Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

”میری شادی دلّال کی مرضی“…..ہماری اپنی مظلوم عورت……….ظہورالحق دانش

Posted on
شیئر کریں:

یہ مضمون اُردو میں اس لیے لکھ رہا ہوں تاکہ ”باہر“ کسی کو پتہ نہ چلے اور ہماری عزت و ثقافت پر کوٸی آنچ نہ آٸے۔

میں مسکولینِسٹ یعنی ”مردانگی کا قاٸل“ چترالی ہوں۔ میرا یقین ہے کہ عورت مرد کی جاگیر ہے، اُس کی پراپرٹی ہے۔ عورت کا کوٸی وجود نہیں ہے۔ اُس کی کوٸی روح نہیں ہے، اُس کے کوٸی جذبات و احساسات نہیں ہیں۔ بس وہ سراپا جسم ہے۔ ہاں ہاں جسم ہی ہے۔ بل کھاتے زاویوں والا گرم گوشت کا جسم۔ اُسے مرد کی یا تو غلام بن کے خدمت کرنی ہے اور یا جنسی وجود بن کے لذّت دینی ہے۔ اِن سب باتوں پر میں یقین رکھتا ہوں۔
لیکن پتہ نہیں
کیوں
آج صبح جاگ کے سر کُھجاتے کھجاتے ایک عجیب خوف دامن گیر ہوا۔ چونکہ بحیثیت چترالی انسان اور چترالی مرد یہ خوف دامن گیر ہو رہا ہے، تو آپ کے ساتھ بھی شٸیر کر رہا ہوں۔
خوف کچھ یوں ہے کہ
خدانخواستہ اگر وہ ہماری ساری مظلوم بہنیں، بیٹیاں اور آنٹیاں برسرِ عام مارچ کرنے پر اتر آٸیں جن کی ہم مردانگی کے قاٸل مردوں نے دلّال بن کر چند پیسوں یا کسی لالچ کے عوض بیرونِ چترال شادیاں کراٸی ہیں اور جن کی زندگیاں ہماری مردانگی اور دلالی کی وجہ سے جہنم بن گٸی ہیں؟ ہم کو پتہ ہے دلال بن کے یہ شادیاں ہم نے مدرسوں، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طالبات کی کراٸی ہیں اور یا گاٶں کی غریب سادہ اور ان پڑھ بناتِ حوا کی۔
اگر وہ ساری کم عمر لڑکیاں مارچ پر اتر آٸیں تو کیا ہوگا جن کی شادیاں ہم نے پچاس اور ساٹھ سال کی عمر سے اوپر کے مردوں سے دوسری یا تیسری شادیوں کی صورت میں کراٸی ہیں؟ سارا کچھ سمجھتے ہوٸے کہ اُن کی مرضی کے بغیر یہ رشتے ہو رہے ہیں پھر بھی قرآن کی آیتیں پڑھ پڑھ کے ان کی نکاحیں ہم نے پڑھواٸی ہیں۔ اگر وہ سب مارچ کرنے پہ آ جاٸیں تو کیا ہوگا؟

اگر اُن ساری معصوم چترالی عورتوں کی روحیں مارچ پر اتر آٸیں تو کیا ہوگا جن کی شادیاں ہم نے دلالی کرکے پیسوں یا کسی لالچ کے عوض کراٸی تھیں مگر بعد میں اُن کو سسرال والوں نے بے دردی سے قتل کیا، اور اُن کی لاشیں بوریوں میں بند کرکے واپس بھیج دیا اور ہم نے ”موت پہلے سے مقررہ حقیقت ہے“ کہہ کر چپ سادھ لی؟ اور اس مظلوم و مقتول ”جسم“ کے لیے انصاف مانگنے واسطے آواز تک نہیں اٹھاٸی۔
اگر اُن قتل کی ہوٸی ”جسموں“ کی روحیں ہم سے یہ پوچھیں تو ہم کیا جواب دینگے کہ ”بِاَیّ ذَنبٍ قُتِلَت“؟

آگے سن لو
باہر سے کوٸی ہوس کا سفیر ایک آفیسر، استاد، تبلیغی یا کاروباری کے روپ میں دوسری یا تیسری شادی کی نیت سے چترال آیا۔ وہ ہمارے دفتر، سکول، کالج، یونیورسٹی، مدرسہ یا دکان میں آیا اور اپنے ”نیک“ ارادے کا ہم سے ذکر کیا تو ہم نے دل و جان سے اس نیک مقصد کی تکمیل میں اُس کا پورا ساتھ دیا۔ اور اپنے گھر میں کنواری بہنوں اور بیٹیوں کے ہوتے ہوٸے ہم نے گاٶں کے کسی غریب اور ان پڑھ والدین کو الّو بنایا اور ان کی کم عمر بیٹی کی اس پچاس ساٹھ سال کے مجسم ہوس کیساتھ شادی کروا دی۔ بیاہ کے بعد چند مہینے ہوس کی تسکین کے بعد وہ ہوس کا پجاری اس نو عمر لڑکی کو اس کے میکے لے آکر چھوڑ جاتا ہے، اور چند دنوں بعد طلاق نامہ کے ساتھ مہر بھیج دیتا ہے اور نمبر تبدیل کرکے غاٸب ہو جاتا ہے۔ اور ہم ”یہ سب مقدر میں لکھے ہوٸے فیصلے ہیں“ کہہ کر اس بیچاری ”جسم“ کو اور اس کے والدین کو باور کراکے چپ سادھ لیتے ہیں۔
.
اگر وہ بیٹی اور اس کا جسم اور ہاں اس کی وہ بدقسمت شیرخوار بچی جو طلاق کے بعد پیدا ہوٸی ہماری مقدس دلالی اور مردانگی کے خلاف مارچ کرنے پر اتر آٸیں تو ہم کدھر جاٸیں؟ بتاٶ کدھر جاٸیں؟
اور
ہمارے معاشرے کی وہ خواتین جن کی شادیاں ان کی مرضی کے خلاف اور والدین یا رشتہ داروں کی مرضی پر ہوٸی تھیں، جس کی وجہ سے ان کی زندگیاں جہنم بنی ہوٸی ہیں۔ اور ۔۔۔اور۔۔۔۔ اور۔۔۔۔ زندگی سے دل لگاٸے رکھنے کے لیے وہ بعد از شادی دوسرے ”مردوں“ کے ساتھ تعلقات قاٸم کرتی ہیں، اور یوں ایک Illegitimate معاشرہ پروان چڑھتا ہے۔ اگر وہ ہمارے ہاتھوں ”بگڑی اور گری“ خواتین ہماری ”مرضی اور رضا“ کے خلاف مارچ پر اتر آنا چاہیں تو ہمارا کیا ہوگا؟
اور سب سے زیادہ خوف مجھے جس بات کا ہو رہا ہے وہ یہ ہے
کہ
ہمارے معاشرے کی وہ بہنیں، بیٹیاں، ماٸیں اور آنٹیاں جن کو ہم نے وراثت کے حقوق سے محروم رکھا۔ ان کے استحقاق کی جاگیروں پر قبضہ کرکے ہم حرام کا رزق کھاتے رہے۔ اور ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ کر یقین کرتے رہے کہ ”اگر ایک لقمہ حرام کا جسم میں گیا تو چالیس دن تک کوٸی عبادت قبول نہیں ہوگی“۔ اس سمجھ کے باوجود ہم ان کے استحقاق کی جاگیر اور مال پر قابض رہے۔ وہ بیچاریاں بغیر احتجاج کے غریب گھرانوں میں شادی کرکے قناعت سے غربت کی زندگی گزارتی رہی ہیں، اور ہمارے لیے ان کی محبتوں میں کوٸی کمی نہیں آٸی ہے۔ ہم ان کی جاگیروں پر قابض ہوکے جاگیردار بھی بنے ہیں کروڑ پتی بھی ہیں اور ہر سال حج و عمرہ کو بھی جاتے ہیں۔ اُن کے حقوق پر قابض ہونے کی بدولت مختلف خیراتی اداروں کو چندے بھی دیتے ہیں ”اللہ کی راہ پر خرچ“ بھی کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی اولاد کو تعلیم اور معیارِ زندگی اعلیٰ درجے کا دے رہے ہیں۔
اگر ۔۔۔۔ اگر ۔۔۔ خواتین کے اس محروم طبقے کو کسی طرح کسی نے جگایا اُکسایا اور وہ ساری ماٸیں بہنیں آنٹیاں اور بیٹیاں ہماری مردانگی کے خلاف احتجاجی مارچ پر اتر آٸیں تو ہمارا کیا ہوگا؟
سوچیے۔

عورت مارچ کا آپ سب کی طرح میں بھی مخالف ہوں۔ لیکن عورتوں کے ان بنیادی انسانی اور اسلامی حقوق کے مخالف ہم نہیں ہو سکتے جن کو ہم نے صدیوں سے سلب کیے رکھا ہے۔

عورت ذات کی عزت کیجیے۔ کیونکہ یہ ذات جہنم اپنے اندر چھپا کے سہتی ہے مگر آپ کے لیے اپنے قدموں تلے جنت رکھتی ہے۔ یہ اعزاز مرد کو کبھی حاصل نہیں ہو سکتا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
32756