Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری ملازمین کو سستی، غفلت، کاہلی اور اقرباء پروری کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی..وزیرزادہ

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی وزیر زادہ نے کہا ہے کہ کرپشن کے بارے میں پی ٹی آئی حکومت کی پالیسی واضح اور دو ٹوک ہے جس کے مطابق کسی کو حکومتی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے سمیت سرکاری فرائض کی انجام دہی میں سستی، غفلت، کاہلی اور اقرباء پروری کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام سرکاری افسران اور اہلکاروں کو ایک صفحے پر ہونا ضروری ہے۔ جمعرات کے روز چترال میں ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی کی کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام تعمیراتی محکمہ جات میں ان کا کوئی کوئی کمیشن اور حصہ نہیں ہے اور عوامی نمائندے کے طور پر وہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور مقدارپر کسی بھی طرح سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں اور وہ ایک ایک پراجیکٹ کی سائٹ وزٹ کرکے اس بات کو یقینی بنائیں گے اور اب کوئی سرکاری کام کا ٹھیکہ لینے سے پہلے سو مرتبہ سوچ لے اور اس بات پر یقین رکھے کہ کوئی حیلے بہانے اب چلنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے بلین ٹری سونامی کے حوالے سے کہاکہ یہ شجرکاری کا ہی نام نہیں ہے بلکہ یہ ایک سوچ کا نام ہے جس میں محکمے کا ہر ملازم ایک ایک پودے کو بچانے کی فکر رکھتا ہے جبکہ ماضی میں چیف منسٹر سے لے کر چپڑاسی تک درختوں کی کٹائی کا سوچتا تھا۔ انہوں نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے محکمہ جات کی ضروریات اور ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں مطلوبہ ہوم ورک اور ضروری دستاویز تیار کرکے بروقت ان کے حوالے کریں تاکہ بجٹ تجاویز میں شامل کئے جاسکیں۔وزیر زادہ نے محکمہ وائلڈ لائف میں نگہبانوں کے تنخواہوں میں غیر معمولی تاخیر پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس محکمے نے بروقت اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کی وجہ سے مسئلہ پید اہوگیا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال حیات شاہ، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان، ایڈیشنل اے سی (ریونیو) شہزاد احمد کے علاوہ تمام سرکاری محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔
wazir zada dadak ijlas scaled
wazirzada khan


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
32684