Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مختلف اضلاع میں 290چھوٹے بجلی گھرتعمیرکئےگئے،66پرکام جاری..وزیراعلیٰ‌کوبریفنگ

شیئر کریں:

مزید 66 منی ہائیڈل پاور اسٹیشنز پر کام جاری ہے جواس سال جون تک مکمل ہونگے، محکمہ توانائی کی طرف سے وزیر اعلی کو بریفنگ
ضم شدہ اضلاع میں ہسپتالوں کی سولرائزیشن کی بر وقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنا یا جائے،کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعلی محمود خان
.
کے پی او جی سی ایل اور پیڈو میں انتظامی اصلاحات کی جائیں وزیر اعلی کی ہدایت
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌خیبر پختونخواحکومت نے صوبے میں منی ہائیڈل پاور اسٹیشنز پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے تحت مختلف اضلاع میں 290 چھوٹے چھوٹے بجلی گھر تعمیر کر کے مقامی آبادی کے حوالے کر دیئے ہیں۔جبکہ اس طرح کے مزید 66 منصوبوں پر کام جاری ہے جنھیں اس سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان منی ہائیڈل پاور اسٹیشنز کے قیام سے دیہاتی علاقوں میں لوگوں کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں گھریلو ایندھن کے لئے جنگلات کی کٹائی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ منی ہائیڈل پاور اسٹیشنز کے قیام کے دوسرے مرحلے میں 672 چھوٹے بجلی گھروں کی تعمیر پر اگلے مالی سال کے اندر کام شروع کیا جائے گا جن کے لئے موزوں جہگوں کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ یہ بات محکمہ توانائی و برقیات کی طرف سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کو محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے دی جانے والی ایک بریفنگ میں بتائی گئی۔ وزیر اعلی کو صوبے میں قائم کئے جانے والے بڑے پن بجلی گھروں کے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں دراڑ خواڑ، مچئی ، رینولا ، جبوڑی، مٹلتان، کارورا، کوٹو، لاوی اور دیگر پاور پراجیکٹس شامل ہیں۔صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی و برقیات حمایت اﷲ خان اور سٹرٹیٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلی نے قومی اہمیت کے حامل ان تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جن جن اضلاع میں ان منصوبوں کی تکمیل میں روکاوٹیں درپیش ہیں انہیں دور کرنے کے لئے متعلقہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر تمام متعلقہ لوگوں کا ایک اجلاس ہفتے طلب کیا جائے۔ وزیر اعلی نے حکام کو مزیر ہدایت کی کہ وہ پن بجلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں وفاق سے جڑے تمام حل طلب امور کی نشاندہی کریں تاکہ معاملہ وزیر اعظم کے ساتھ اٹھایا جائے۔ وزیر اعلی محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں اور مساجد کی سولیرائزیشن منصوبوں کی تکمیل کے رفتار پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو کے لئے کوئی متبادل لائحہ عمل تیار کیا جائے اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں ورنہ تمام ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلی نے محکمہ انرجی اینڈ پاور کی ذیلی اداروں کے پی او جی سی ایل اور پیڈو کے انتظامی ڈھانچوں میں بنیادی نوعیت کی اصلاحات کرنے اور خراب کارکردگی کے حامل اہلکاروں کو فارع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
.

وزیراعلیٰ نے رشکئی سپیشل اکنامک زون کےترقیاتی معاہدے کی باقاعدہ منطوری دیدی گئ ہے…وزیراعلیٰ
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ‌) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کے ترقیاتی معاہدے کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے، یہ منظوری وزیر اعظم پاکستان عمران کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے منصوبے کو پورے ملک باالخصوص خیبرپختونخوا کی معاشی ترقی کیلئے اہم سنگ میل اور صوبے کے عوام کے لئے ایک بہت بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کے قیام سے صوبے اور ملک کی معاشی حالات یکسر بدل جائےںگی ، کیونکہ اس سے صوبے میں بلا واسطہ اور بلواسطہ روزگار کے دو لاکھ سے زائد مواقع پیدا ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ رشکئی اکنامک زون منصوبے کے تحت صوبے میں تقریباً چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے اس اہم ترقیاتی معاہدے کی منظوری پر وزیر اعظم پاکستان عمران کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے کی معاشی استحکام کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔
<><><><><><><>
swat express way meeting chaired by cm 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
32664