Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی سرکاری اورپرائیویٹ سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کرینگے

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ ) سرکاری سکیم کے تحت حج 2020 کے لئے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہو گیا ہے، رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے درخواستوں کی وصولی کے لئے جاری کردہ نئے شیڈول کے تحت تمام قومی بینکوں نے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ درخواستوں کی وصولی 6 مارچ تک جاری رہے گی۔ قومی بینک حج درخواستوں کی وصولی کا عمل ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رکھیں گے۔ سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ حج پالیسی کے تحت 70سال سے زائد عمر رسیدہ افراد کے لئے 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
……………………
……….
800 میگا واٹ کا مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شیڈول کے مطابق 2025 میں مکمل ہوجائے گا، واپڈا ذرائع
اسلام آباد (آئی آئی پی) 800 میگا واٹ کا مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شیڈول کے مطابق 2025 میں مکمل ہوجائے گا۔ واپڈا ذرائع کے مطابق ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.2ملین ایکڑ فٹ ہوگی، منصوبہ سے نیشنل گرڈکو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا ہوگی اورساتھ ہی پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔ ایک لاکھ 60 ہزار موجودہ اراضی کے علاوہ 16 ہزار 7 سو ایکڑ نئی اراضی بھی سیراب ہوگی جبکہ پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا، منصوبے سے ہر سال تقریبا51 ارب 60 کروڑروپے کے مساوی فوائد حاصل ہوں گے۔ مہمند ڈیم اپنی ساخت کے اعتبار سے پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے، منصوبے کے لئے تمام ترجیحی اراضی حاصل کی جاچکی ہے اور اِس حوالے سے مقامی قبائل، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کا تعاون مثالی ہے۔ واپڈا مقامی لوگوں کی معاشرتی اور معاشی ترقی کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت پراجیکٹ ایریا میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کے منصوبوں پر 4 ارب 53 کروڑ روپے خرچ کرے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
32398