Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے..چیف سیکریٹری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت مرکزی اور صوبائی سطح پر پولیو وائرس کے خاتمے پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز ہے اور اس مقصد کے لیے ایک نئے اور جامع منصوبہ بندی کے تحت موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے کو ایک قومی فریضہ اور سب کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے تمام اداروں اور معاشرے کے ہر طبقے پر زور دیا ہے کہ آنے والی نسلوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے سب کو مل جل کر ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں صوبہ بھر میں انسداد پولیو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔17 فروری سے شروع ہونے والے پانچ روزہ مہم کے دوران صوبے میں پانچ سال سے کم عمر کے کل 67 لاکھ 52 ہزار 326 سو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس مقصد کیلئے مجموعی طور پر 28049 ٹیم تشکیل دی گئی ہیں جن میں 24900 موبائل، 1849 فکسڈ،1300 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔اپنی گفتگو میں چیف سیکرٹر ی نے پولیو مہم کی کامیابی کے لیے عوامی آگاہی کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی کے لیے میڈیا سب سے موثر ذریعہ ہے انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ پچھلا سال پولیو مہم کے حوالے سے کوئی اچھا سا ل نہیں رہا ہے لیکن گزشتہ دو مہینوں کے دوران صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں کافی نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے ہیں۔پولیو کے پورے مہم کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ہے اور ایک نئی حکمت عملی کے تحت کام شروع کیا گیا ہے۔سیاسی قیادت اس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اب اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر وہ خود پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز کو اس سلسلے میں خصوصی ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور اب ڈپٹی کمشنرز کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پولیو کے حوالے سے ان کی کارکردگی سے مشروط کردی گئی ہے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے چند بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
32017