Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کرونا وائرس سے مزید97 افراد کی ہلاکت، ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 908 ہو گئی

شیئر کریں:

بیجنگ(آئی آئی پی) چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان میں کرونا وائرس سے مزید97 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 908 ہو گئی ہے۔ چین کے ذرائع ابلاغ کے مطابق چین میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید 97 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 908 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 3036 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ چین میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 40 ہزار 171سے تجاوز کر گئی ہے۔ چینی حکام کے مطابق 1 لاکھ 87 ہزار 518 افراد کو طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب قمری سال کی چھٹیوں پر گئے چینی افراد بھی اپنے کاموں پر واپس لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کرونا نے 27ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہو گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے وائرس کی تحقیق کے لیے ماہرین کی ٹیم بیجنگ بھیج دی ہے۔
……………..
.
جنیوا، چین سے باہر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے اس لئے ہر ملک اس سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی بنائے،عالمی ادارہ صحت نے خبر دارکردیا
.
جنیوا(چترال ٹائمزرپورٹ) عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کیا ہے کہ چین سے باہر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے اس لئے ہر ملک اس سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی بنائے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈرس ایڈھانم گیبریاسس نے اپنے ٹویٹ میں خبردار کیا ہے کہ ایسے افراد کے ذریعے بھی کورونا وائرس کی منتقلی ہو سکتی ہے جنہوں نے کبھی چین کا سفر نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نوعیت کے کچھ مریض سامنے آئے ہیں اور اس وائرس کے متاثرہ انسانوں سے دیگر افراد میں منتقلی میں تیزی آنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ وائرس کے خاتمے کی کوششوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو چاہئے کہ وہ وائرس کی اپنے ہاں ممکنہ آمد سے نمٹنے کی حکمت عملی ابھی سے بنالیں۔ یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا جب تجربہ کار ماہر صحت بروس آئلورڈ کی سربراہی میں بین الاقوامی ماہرین کا مشن چین پہنچ چکا ہے۔ بروس آئلورڈ نے 2014سے 2016کے دوران مغربی افریقہ میں ایبولا کی وبا کی مانیٹرنگ کی تھی۔ واضح رہے کہ چین سے باہرتقریبا 30 مقامات پر کورونا وائرس سے انفیکشن کے 350 سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ فلپائن اور ہانک کانگ میں دو مریض جان کی بازی ہارے۔ چین کے اندر 40 ہزار سے زائد افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق جبکہ 910 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ متعدد ممالک نے چین سے آمد ورفت بند جبکہ بڑی فضائی کمپنیوں نے چین کے لئے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں۔ ایئر چائنا نے بھی امریکہ جانے والی اپنی کچھ پروازیں منسوخ کی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31836