Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

زکواۃ وعشر کونسل کا اجلاس، صوبہ بھر کے لئے زکواۃ فنڈ کے اجراء کی منظوری دیدی گئی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا زکواۃ وعشر کونسل نے صوبہ بھر کے لئے زکواۃ فنڈ کے اجراء کی منظوری دے دی۔ تمام اضلاع کو آبادی کے لحاظ سے فنڈز فراہم ہونگے۔ یہ منظوری زکواۃ و عشر کونسل نے جمعرات کے روز پشاور میں انجنیئر عمر فاروق کی زیر صدارت ہونے والے 52 ویں اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر بننے والی صوبائی اصلاحاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اصلاحات کے بعد دی۔
.
اجلاس میں سیکرٹری محکمہ زکواۃ، عشر و سماجی بہبود محمد ادریس، ایڈیشنل سیکرٹری زکواۃ فیاض خان، ڈپٹی سیکرٹری شبیر احمد اور کونسل ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزارہ الاونس کی مد میں فنڈز کا حجم 60 فیصد سے بڑھا کر 68 فیصد کردیا گیا، کونسل نے احساس کفالت پروگرام کے طرز پر صوبے میں گزارہ الاونس کی مد میں فی کس سالانہ ادائیگی 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار کردی گئی۔ جس سے صوبہ بھر میں 27 ہزار 767 مستحق خاندانوں کو سالانہ 24 ہزار روپے ادا کئے جائینگے۔ کونسل نے تعلیم کی مد میں انٹرمیڈیٹ کے طلباء وطالبات کے لئے سالانہ مالی معاونت 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار روپے، اور بی ایس پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے مالی معاونت 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کردئے۔ اسی طرح دینی مدارس کے طلباء وطالبات کے لئے بھی سالانہ مالی معاونت دور حدیث سے کم 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار اور دور حدیث سے اوپر درجوں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کے لئے 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار کردئے گئے۔ اجلاس میں جہیز کی مد میں مالی معاونت کی رقم بھی 20 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کرنے کی منطوری دے دی گئی اجلاس میں ہنگو اورشمالی وزیرستان کے لئے چیرمینوں کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفئیر محمد ادریس کا کہنا تھا کہ زکواۃ فنڈ میں نئے ضم شدہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ زکواۃ فنڈ سے علاج معالجے کی سہولت حاصل کرنے والے افراد کا ڈیٹا آن لائن فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر عمل درامد تیز کریں، تاکہ نظام میں شفافیت کو فروغ دیا جاسکے اور مستحقین کو ان کا حق ملے۔ انہوں نے محکمہ زکواۃ کو مستحقین کے لئے رمضان پیکج فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ چیرمین انجنیئر محمد فاروق کا کہنا تھا کہ گزارہ الاونس میں مالی معاونت کی رقم بڑھانے سے مستحقین کو اپنے بنیادی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں زکواۃ فنڈ سے علاج معالجے کا نظام مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31751