Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مختلف اضلاع میں سٹیلائٹ ٹاﺅنز کے قیام کیلئے جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے…وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 80 ہزار کنال وسیع قطعہ اراضی پر محیط سی پیک سٹی نوشہرہ کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا جلد اجراءیقینی بنانے کیلئے تمام تقاضے تیز رفتاری سے پور ے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوں نے خصوصی طور پر منصوبے کیلئے حاصل کی گئی زمین کے مالکان کو ادئیگی کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنے اور سائٹ پر غیر قانونی کان کنی کے خلاف کریک ڈاﺅن کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی سائٹ پر سکیورٹی انتظامات کیلئے درکار پولیس نفری کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے جبکہ سکیورٹی کیلئے طویل المدتی پلان کے تحت سی پیک سٹی نوشہرہ میں مخصوص پولیس سٹیشن کے قیام کی بھی منظوری دی ہے ۔ اُنہوںنے خیبرپختونخوا میں سیٹلائٹ ٹاﺅنز کے قیام کیلئے جامع پروپوزل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائے گی ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ ہاﺅسنگ خیبرپختونخوا کے جاری اور نئے اہم منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ صوبائی وزیر برائے ہاﺅسنگ ڈاکٹر امجد علی ، صوبائی وزیراکبر ایوب خان ، سیکرٹری ہاﺅسنگ ، ایس ایم بی آر ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزادہ سعید، فر نٹیر ورکس آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان ، ڈی پی او نوشہرہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کیلئے 730 ملین روپے کی سمری منظور ہو چکی ہے جس میں سے 200 ملین روپے رواں مالی سال کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ منصوبے کیلئے نان اے ڈی پی سکیم ، پی اینڈ ڈی کو بھیج دی گئی ہے ۔ آئندہ تین چار ماہ کے اند رمنصوبے کا باضابطہ اجراءکر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو حیات آباد فیز vسرکاری ملازمین کیلئے ہائی رائیز فلیٹس کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔28 کنال اراضی پر محیط اس منصوبے کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2019-20 میں 200 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت مختلف کیٹگریز کے 144 فلیٹس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ منصوبے پر 56 فیصد کام ہو چکا ہے جبکہ آنے والے جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ سول کوارٹرز میں فیزII کے تحت 96 فلیٹس کی تعمیر کیلئے نیا پی سی ون پی ڈی ڈبلیو پی کو بھیجا گیا ہے جس کی لاگت 897.638 ملین روپے ہے ۔ خیبرپختونخوا میں سٹیلائٹ ٹاﺅنز کے قیام کے منصوبے کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کا مقصد بڑے شہروں پر آبادی کے بوجھ کو کم کرنا ہے ۔ مختلف اضلاع میں سٹیلائٹ ٹاﺅنز کے قیام کیلئے جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور رواں سال کم ازکم پانچ سکیموں کی فیزبیلٹی مکمل کرنے کا ہدف ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ سٹیلائٹ ٹاﺅنز کو آئندہ اے ڈی پی میں شامل کرنے اور اس مقصد کیلئے جامع پروپوزل تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ منصوبے کیلئے زرعی زمین استعمال نہ کی جائے تاہم قابل عمل اور مناسب جگہوں کا انتخاب کیا جائے جہاں پانی اور دیگر سہولیات کے حوالے سے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیراعلیٰ کو مزید آگاہ کیا گیا کہ 14067.86 ملین روپے کے تخمینہ لاگت سے 8905 کنال اراضی پر محیط جلوزئی ہاﺅسنگ سکیم پر 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ رواں سال جون تک منصوبے کے فیز i کے الاٹیز کو قبضہ دے دیا جائے گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پراونشل ہاﺅسنگ اتھارٹی اور فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے جوائنٹ ونچر کے تحت ضلع نوشہرہ میں 80 ہزار کنال اراضی پر سی پیک سٹی قائم کیا جار ہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے زمین مالکان کو ادائیگی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی اوراس مقصد کیلئے خصوصی تحصیلیدار فراہم کرنے کی بھی منطوری دی ۔ اُنہوںنے کہاکہ ہم نے منصوبے پر جلد تعمیراتی کام شروع کرنا ہے تاکہ بروقت معاشی سرگرمیاں شروع ہو سکیں۔ اُنہوںنے سکیورٹی کی غرض سے 50 افراد پر مبنی پولیس نفری بلا تاخیر فراہم کرنے اور سائٹ پر ہاﺅسنگ اتھارٹی کا کیمپ آفس جلد قائم کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع ہنگو میں سرکاری ملازمین اور عوام الناس کیلئے ہاﺅسنگ سکیم ” ہنگو ماڈل ٹاﺅن” کا پی سی ون پی ڈی ڈبلیو پی کو بھیج دیا گیا ہے ، جس کی لاگت 9706.742 ملین روپے ہے ۔ منصوبے کے تحت 7391 پلاٹس ڈویلپ کئے جائیں گے ۔ میڈیا کالونی / ڈنگرام ہاﺅسنگ سکیم سوات کا ماسٹر پلان تیار ہے جبکہ تفصیلی لاگت کی تیاری جاری ہے ۔ یہ سکیم بھی رواں سال اپریل تک افتتاح کیلئے تیار ہو گی ۔


شیئر کریں: