Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رواں سال حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے اور حج مزید مہنگا ہو گا، وفاقی وزیر مذہبی امور

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی اور سعودی عرب میں آئے روز ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے رواں سال حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے اور گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال حج مزید مہنگا ہو گا، کرتارپور کے اخراجات کا موازنہ حج اخراجات سے نہیں کیا جا سکتا، حج پالیسی 2020پر کام جاری ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی و چاروں صوبوں کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہوپ کے مرکزی چیئرمین شاہد رفیق، کے پی کے زون کے چیئرمین ثنااللہ خان، سینئر وائس چیئرمین محمد زعیم (کراچی)، لاہور زون کے چیئرمین خرم ثقلین، کوئٹہ زون کے حاجی سعد، اسلام آباد زون کے قاضی جمیل اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ٹیکسز پر ٹیکسز کے نفاذ اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے حج اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں، خواہش ہے کہ سستا حج کرا سکیں لیکن اخراجات کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں امسال حج مزید مہنگا ہو گا۔ انہوں نے حج مہنگا اور کرتارپور سستا کی بات کرنے والوں پر بھی شدید تنقید کی اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حج اور کرتارپور کا موزانہ نہیں کیا جا سکتا، کرتارپور ایک راہداری ہے جو کہ صرف 4 کلو میٹر ہے اور سائیکل کی بجائے پیدل بھی لوگ آتے جاتے ہیں جبکہ حج کیلئے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد کا طویل سفر طے کرکے وہاں 40 روز قیام و طعام کا اہتمام کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اخراجات زیادہ ہیں۔ انہوں نے حج پالیسی 2020کے حوالہ سے کہا کہ پالیسی مرتب کرنے کیلئے مشینری جذبہ سے کام جاری ہے اور جلد ہی پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر ہوپ کے مرکزی چیئرمین شاہد رفیق، کے پی کے زون کے چیئرمین ثنااللہ خان اور دیگر عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے حج پالیسی کے حوالہ سے اپنی مفید آرااور تجاویر سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا اور کہا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اچھا حج کرائیں گے اور جو وعدے اور یقین دہانیاں حج کے حوالہ سے کرائی گئی تھیں ان کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی حج کمپنیوں کی سہولیات کی وجہ سے ہم ملائیشیاکے ساتھ ٹاپ لیول پر آ چکے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ امسال بھی حجاج پرائیویٹ سکیموں کے تحت اچھا حج کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31217