Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری کی ضلع اپر چترال میں ضلعی دفاتر کے قیام کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقہ ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر کے علاقہ تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے فورم کو انٹگریٹیڈ بجٹ کال سرکلر کے مختلف پہلوؤں سے اگاہ کرنے کے علاوہ اگلے مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے لئے انتظامی سیکرٹریوں کو پالیسی گائیڈلائنز اور دیگر ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کی سربراہی میں بجٹ سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے، اب تمام محکمے اپنے بجٹ پروپوزل کمیٹی کو جمع کرائینگے۔جس کے تحت بجٹ کا سٹریٹیجک وٹ لائن بنایا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ میں آمدن پیدا کرنے والے محکموں کو اپنی آمدن مزید بہتر بنانے پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنے اپنے محکموں کے پی سی ونز متعلقہ فورم سے بروقت منظور کروانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائیں۔ اجلاس میں پچھلے سیکرٹریز کمیٹی میٹنگ میں کئے جانے والے فیصلوں پر عمل د رآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے محکموں کی طرف سے فائل ٹریکنگ سسٹم اور سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے ازالے میں خاطر خواہ بہتری پر اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ چیف سیکرٹری نے نئے قائم شدہ ضلع اپر چترال اور دیگر نو قائم شدہ اضلاع میں سرکاری محکموں کے ضلعی دفاتر کے قیام کے لئے متعلقہ سیکرٹریوں کو ضروری اقدامات اٹھانے اور خصوصا محکمہ خزانہ کے ساتھ اس سلسلے میں ایک اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان دورافتادہ اضلاع میں عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدمات کئے جائیں گے تاکہ حکومت کی طرف سے لوگوں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے نئے اضلاع بنانے کے مقاصد حاصل ہوسکیں۔ چیف سیکرٹری نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت جاری کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے محکموں میں کوئی بھی سرکاری ملازم سیاسی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہو اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائیں۔ اجلاس کو سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لئے مختص کوٹے پر عملدارمد کو سو فیصد یقینی بنانے کے لئے اس سلسلے میں قائم کمیٹی کی سفارشات اور تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کی ان سفارشات کو پالیسی کے طور پر اپنانے کے لئے معاملہ صوبائی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دوہری شہریت کے حامل سرکاری ملازمین کی نشاندہی اور چھان بین کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی سطح پر بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ کوآرڈینیشن کریگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31188