Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سال 2020 پورے صوبے میں بطور ڈیجیٹل سال منایاجائیگا…ضیاء اللہ بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی کے مشیربرائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان کی ہدایات کے مطابق سال 2020 پورے صوبے میں بطور ڈیجیٹل سال منایاجائیگا۔ جس کیلئے پالیسیوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ڈیجیٹل 2020 کے مطابق پورے صوبے کے تمام محکموں کو ڈیجیٹلائزڈ کردیاجائیگا جس سے دفتری امور میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ تمام کام پیپرلیس ہوجائیگا اور عوام کو بروقت بہترین سہولیات میسرہوں گی۔ اسی طرح آئی ٹی اور سائنس کے شعبے میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے جبکہ درشل اور ڈیجیٹل سٹی پشاور اور ہری پور کے قیام سے ہنرمندوں کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ظفرعلی، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈائریکٹر شہباز خان، ڈائریکٹرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد خان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر لینڈریکارڈ کمپیوٹرائزیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے حکام کو سائنس اور آئی ٹی میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سال 2020 کیلئے نئے منصوبے شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہاکہ جاری منصوبوں پرماہانہ اجلاس ہو گا اور پیش رفت میں تیزی لانی ہوگی جبکہ قبائلی اضلاع میں درشل سنٹرز کے قیام کیساتھ ساتھ ہری پور، کوہاٹ اور چترال میں بھی درشل سنٹرز قائم کئے جائیں گے اور پشاور و ہری پور کو ٹیکنالوجی سٹی کا درجہ دے کر کاروباری اشخاص کو سہولیات جبکہ نوجوانوں کو سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
.
مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہاکہ ڈیجیٹل سال 2020 کے تحت ریونیوریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن فیز 2 کو مزید 12 اضلاع تک توسیع دی جائیگی جبکہ تمام 19 اضلاع میں اسی سال سروس ڈیلیوری سنٹرز بھی فعال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی تمام یونیورسٹیوں میں انکوبیشن سنٹرز کے قیام کیساتھ ساتھ تمام ریسرچرز اور سائنسدانوں کا ڈیٹااکٹھا کیا جائیگا جبکہ ریسرچرز کی ہر سطح پر پذیرائی کر کے ان کو مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ سال 2020 کے تحت قومی و بین الاقوامی ڈونرز اور انویسٹرز کو ہر قسم کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور خیبرپختونخوا کو بہت جلد آئی ٹی حب بنایاجائیگا جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31129