Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ اعلیٰ‌تعلیم میں تبادلوں کیلئے نئی پالیسی بنانے کیلئے اعلی حکام کو ٹاسک سونپ دیا گیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌مشیر وزیر اعلیٰ برائے محکمہ اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ سرکاری کالجز میں تعیناتی اور تبادلے کے لئے میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائیگا۔تبادلوں کے لئے نئی پالیسی بنانے کے ئے محکمے کے اعلی حکام کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔سرکاری کالجز کی نگرانی کا نظام فعال بنایا جائیگا۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات کے عمل کی ابتدا کردی گئی ہے۔قبائلی اضلاع میں سرکاری کالجز کے مسائل کو ترجیحات میں شامل کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن ارشد خان نے مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن کو محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے انتظامی امور کے حوالے سے جنرل بریفنگ دی۔ مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا میں تبادلوں اور تعیناتیوں کے لئے قابل عمل پالیسی بنائی جائے پالیسی میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ڈیوٹی اوقات کار اور کالجز میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ تاکہ کالج اساتذہ مقررہ اوقات تک کالجز میں موجود رہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کا معیار بین الاقوامی معیار تک لے جانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ پی ایچ ڈیز اور ایم فل اساتذہ سے ریسرچ کا کام لیا جائے تاکہ کالجز میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کالجز کا معیار دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر بنانے کے لئے محکمہ اس ٹاسک کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کریں۔صوبے کے اضلاع میں قائم جائنٹ منیجمنٹ کونسلز نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے اضلاع میں اور بین الاضلاعی مقابلوں کا اہتمام کریں۔ تاکہ طلبا وطالبات میں مقابلے کا رحجان فروغ پا سکیں۔ کالجز کی مانیٹرنگ کو مذید فعال بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ کالجز کی کارکردگی کھل کر سامنے آسکیں۔ تمام اضلاع میں کالجز بورڈز میں طلبا و طالبات کے بہتر پوزیشن کے لئے تمام تعلیمی سہولیات کا استعمال کریں۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے اوقات میں اساتذہ کے دفاتر میں موجودگی کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔کالجز کی مجموعی کارکردگی کی بناء پر سٹاف اور طلبا و طالبات کو انعامات دئیے جائیں گے تاکہ طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی ہو سکیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم کی سو روزہ کارکردگی کی موثر تشہیر کی جائے۔ کالجز میں اساتذہ کی کمی کو فوری طور پر دور کرنے کے لئے محکمہ ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے محکمہ کو عرصہ دراز سے غیر حاضر عملے کے خلاف کاروائی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ کی کارکردگی کے حوالے سے ماہانہ بنیادوں پر کارکردگی رپورٹ بنانے کی بھی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
31104