Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ تعلیم میں تبادلوں پرپابندی برقراررکھی جائیگی..وزیرتعلیم اکبرایوب خان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ محکمہ میں تبادلوں اور تعیناتیوں پر پابندی وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایات کے مطابق برقرار رکھی جائے گی اور جو بھی ایمپلائی تبادلوں کیلئے سیاسی یا دوسرے ذرائع استعمال کرے گا۔ تو اس کے خلاف سخت سے سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کا چارج سنبھالنے کے بعد بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ سیکرٹری تعلیم نے نومنتخب صوبائی وزیر کو ڈیپارٹمنٹ کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے میدان میں مثبت اصلاحات لانی ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کام کرکے محکمہ تعلیم کو ایک درست سمت پر ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ میں تبادلے اور تعنیاتیاں صرف ایک بار ہو گی جس کے دورانیے کا تعین مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ تعلیم سے قومیں بنتی ہیں اور ہمیں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے میدان میں ایسی مثبت پالیسی اور اصلاحات لانی ہیں تاکہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ایک ساتھ چلایا جا سکے اور کم سے کم ٹائم میں بہترین کام کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعلیمی اصلاحات نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی رکھی جائیں گی تاکہ پچھلے ادوار میں تعلیمی معیار سے پسماندہ اور نظر انداز کیے گئے علاقوں کو بھی علم کی روشنی سے روشناس کیا جاسکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30905