Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاک چین کسٹمز اشیا پروٹوکول کا ایس آر او جاری کر دیا

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد (آئی آئی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاک چین کسٹمز اشیا پروٹوکول کا ایس آر او جاری کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان کسٹمز اشیاکے ضمن میں پروٹوکول پر عمل درآمد کیا جائے گا، ایس آر او کے اجراکے بعد چین اور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت معاہدہ کے فیز ٹوکا آغاز یکم جنوری 2020سے ہو گیا ہے۔ ترجمان ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر نے وزارت تجارت سے مشاورت کے بعد ٹیرف لسٹ شیڈول میں تبدیلی کے بعد ایس آر او تیار کیا ہے۔ اس ایس آر او کے اجرا کے بعد چین اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدہ کے فیز ٹوکا آغاز یکم جنوری 2020سے ہو گیا اور نئے ایس آر او کے اجراکے بعد پرانا ایس آر او 30 جون 2007نافذالعمل نہیں رہا۔ نئے ایس آر او کے مطابق A0کیٹیگری میں درج 3251 ٹیرف لائنز پر کسٹمز ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے اور یکم جنوری 2020سے ان اشیا پر کوئی کسٹمز ڈیوٹی عائد نہیں ہو گی۔ کیٹیگریA7 میں شامل اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کو دو سال سے سات سال تک بتدریج کم کرتے ہوئے ختم کر دیا جائے گا۔ کیٹیگری A15 میں کسٹمز ڈیوٹی کو چار سال سے پندرہ سال تک بتدریج کم کرتے ہوئے ختم کر دیا جائے گا۔ مارجن آف پریفرینس میں دو کیٹیگریز شامل ہیں۔ ایم او پی ون کیٹیگری میں کسٹمز ڈیوٹی کو پروٹوکول کے نافذالعمل ہونے کے ساتھ ہی بنیادی شرح سے 20 فیصد کم کر دیا جائے گا۔ایم او پی ٹو کیٹیگری میں شامل اشیاپر ڈیوٹی کی شرح کو دو سال کے عرصہ میں بنیادی شرح سے بیس فیصد کم کر دیا جائے گا۔ کیٹیگری C1 میں درج اشیا پر ڈیوٹی کی شرح بنیادی شرح کے مطابق ہی رہے گی اور کیٹیگری C2 میں درج اشیاپر کسٹمز ڈیوٹی پر کوئی رعایت نہیں ہو گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30733