Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں ثقافتی میلوں اورثقافتی سرگرمیوں کیلئے7 کروڑروپے مختص کئے گئے..عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ثقافت کے فروغ کے لئے مختلف ثقافتی میلوں کا انعقاد کیا جائیگا جس کے لئے 7 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے سینئر وزیر عاطف خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری سیاحت کامران رحمان، ایڈیشنل سیکرٹری بابرخان، ڈائریکٹر کلچر شمع نعمت سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سینئر وزیر نے محکمہ ثقافت کے حکام کو ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے میں جلد ازجلد ثقافتی میلوں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سینئر وزیر کو 2 ارب روپے کی لاگت سے ضم شدہ علاقوں میں اضلاع کی سطح پر کلچر مراکز، پشاور نشتر ہال میں اوپن ایئر آرٹ گیلری اور مردان میں کلچر مرکز بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سینئر وزیر نے تمام منصوبوں پر جلد ازجلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سینئر وزیر کو محکمہ سیاحت، کھیل، یوتھ افئیرز اور ارکیالوجی کے جاری اور نئے منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔سینئر وزیر نے محکمہ سیاحت کے حکام کو ضم شدہ اضلاع میں واٹر سپورٹس سہولیات کے لئے جگہوں کی نشاندہی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت، کھیل، یوتھ افئیرز اور ثقافت کے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی اور سست روی برداشت نہیں کی جائیگی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں سیاحتی ترقی کے لئے ساڑھے نو ارب, کھیلوں کے لئے ساڑھے آٹھ ارب روپے, ثقافت کے فروغ کے لئے 2 ارب جبکہ یوتھ افئیرز کے مختلف منصوبوں کے لئے 8 ارب روپے کے ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے قبائلی اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائینگے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30304